QR CodeQR Code

اسامہ کی موجودگی انٹیلی جنس کی ناکامی ہے، ایبٹ آباد واقعہ کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے، نواز شریف

11 May 2011 20:20

اسلام ٹائمز:میاں محمد نواز شریف نے تین دن میں عدالتی کمیشن قائم کرنے اور اکیس دن میں تحقیقات مکمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ مسلم لیگ کے قائد نے بھی دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح ایبٹ آباد آپریشن پر سوالات کے انبار لگا دیئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسامہ کی پانچ سال سے ایبٹ آباد میں موجودگی لمحہ فکریہ ہے


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد واقعے نے مسلح افواج کے مورال کو متاثر کیا۔ فوج تسلی بخش وضاحت پیش نہیں کرسکی۔ انہوں نے تین دن میں عدالتی کمیشن قائم کرنے اور اکیس دن میں تحقیقات مکمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ مسلم لیگ کے قائد نے بھی دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح ایبٹ آباد آپریشن پر سوالات کے انبار لگا دیئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسامہ کی پانچ سال سے ایبٹ آباد میں موجودگی لمحہ فکریہ ہے۔ معاملات خفیہ ایجنسیوں کے ہاتھ میں ہیں ایبٹ آباد آپریشن، ملکی وقار کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، حکومت کا موقف واضح نہیں فوج بھی قوم کو مطمئن نہیں کر سکی۔ میاں صاحب کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد واقعے پر حکومت معاملات کو الجھا رہی ہے دوسروں پر الزام دینے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا کیونکہ اسامہ ایجنسیوں کی ناک کے نیچے رہ رہا تھا۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کی غفلت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، دو گھنٹے تک امریکی کاروائی کا پتہ ہی نہیں چلا، ایبٹ آباد آپریشن پر جو کچھ سامنے آیا، غیر ملکی میڈیا نے بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کا جواب باہر سے نہیں اندر سے تلاش کرنا ہو گا۔
میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد میں امریکی آپریشن سنگین واقعہ ہے، اسامہ کی موجودگی انٹیلی جنس کی ناکامی ہے، لگتا ہے ہمارا دفاعی نظام انتہائی ناقص ہے۔ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے پاک فوج کا مورال متاثر کیا ہے اور مسلح افواج نے بھی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔ صحت یابی اور لندن سے واپسی کے بعد پہلی مر تبہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کچھ لٹا کر بھی کٹہرے میں کھڑے ہو گئے ہیں، لگتا ہے ہمارا دفاعی نظام انتہائی ناقص ہے۔ متعلقہ اداروں کی بدترین غفلت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، نہ اسے بر داشت کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان اتنہا پسندی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ اس ملک میں دہشت گردی کی گنجائش نہیں ہے حکومت کی جانب سے ایبٹ آباد واقعے کو الجھایا جا رہا ہے۔ موجودہ صورت حال کا جواب باہر سے نہیں اندر سے آنا چاہیئے۔ 
مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ کیا اسامہ کی موجودگی ہمارے لیے لمحہ فکریہ نہیں؟ عوام کو ریمنڈ ڈیوس معاملے پر ابھی بھی تشویش ہے۔ سابق وزیر اعظم نے ایبٹ آباد واقعے پر عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہو ئے کہا کہ 3دن کے اندر اندر ایک اعلٰی عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے جس کے سربراہ چیف جسٹس پاکستان ہوں جبکہ تمام صوبوں سے ممبران لئے جائیں جو 21 دن کے اندر تحقیقات کے نتائج سامنے لائیں۔
 


خبر کا کوڈ: 71272

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/71272/اسامہ-کی-موجودگی-انٹیلی-جنس-ناکامی-ہے-ایبٹ-آباد-واقعہ-تحقیقات-کیلئے-عدالتی-کمیشن-تشکیل-دیا-جائے-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org