QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا کے پٹواریوں نے 21 روز سے جاری ہڑتال ختم کردی

20 Mar 2018 13:02

انجمن پٹواریاں و قانون گویان خیبر پختونخوا کیجانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق وفد کو یقین دہانی کرائی گئی کہ پٹواریوں کو گریڈ 9 سے گریڈ 11 اور گریڈ 11 سے 12 جبکہ ٹی آر اے کو گریڈ 7 سے 11 دینے پر غور کیا جائیگا، اسکے علاوہ سٹیشنری الاؤنس، بستہ الاؤنس اور پٹوار خانے کا کرایہ ادا کرنیکی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے پٹواریوں کے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے، جس پر پٹواریوں نے 21 روز سے جاری ہڑتال ختم کردی۔ انجمن پٹواریاں و قانون گویان خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انجمن کے صوبائی صدر، صوبائی جنرل سیکرٹری، ضلع پشاور کے صدر نثار خان اور دیگر ضلعی عہدیداروں نے سینیٹر فدا محمد کی سربراہی میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد کو یقین دہانی کرائی گئی کہ پٹواریوں کو گریڈ 9 سے گریڈ 11 اور گریڈ 11 سے 12 جبکہ ٹی آر اے کو گریڈ 7 سے 11 دینے پر غور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سٹیشنری الاؤنس، بستہ الاؤنس اور پٹوار خانے کا کرایہ ادا کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی، جبکہ صوبائی محصولات کی وصولیابی کیلئے انتقال کی فیس پر 5 فیصد پٹواری کو دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا، جس پر ہمدر دانہ غور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ قدرتی آفات، الیکشن اور پولیو مہم کے دوران اضافی ڈیوٹی کا الاؤنس دیا جائے گا۔ انجمن پٹواریاں و قانون گویان کے عہدیداروں نے اپنی ہڑتال ختم کرتے ہوئے مطالبات کے حل کی یقین دہانی پر وزیر اعلٰی پرویز خٹک، سینیٹر فدا محمد اور متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کی اور صوبائی محاصل کی وصولیابی کے سلسلے میں اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 712766

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/712766/خیبر-پختونخوا-کے-پٹواریوں-نے-21-روز-سے-جاری-ہڑتال-ختم-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org