0
Wednesday 21 Mar 2018 18:22

فاٹا میں ترقیاتی فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے، گورنر خیبر پی کے

فاٹا میں ترقیاتی فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے، گورنر خیبر پی کے
اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے فاٹا سیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام اور پولیٹیکل ایجنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر معیاری انداز میں مکمل کریں۔ گورنر نے فاسٹ ٹریک سکیموں کی جلد تکمیل کیلئے مکمل فنڈنگ کی بھی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاؤس پشاورمیں فاٹا کے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے 2017-18 کی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا سکندر قیوم، سیکرٹری پی اینڈ ڈی فاٹا زبیر قریشی اور فاٹا سیکرٹریٹ کے دیگرمتعلقہ شعبوں کے سربراہان سمیت تمام پولیٹیکل ایجنٹس، ایف ڈی اے اور ٹیسکو کے حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری پی اینڈ ڈی فاٹا زبیر قریشی کی جانب سے گورنر کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گور نرنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی پلاننگ ڈویژن کی ہدایات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے اور مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔ گورنرنے ہدایت کی کہ ترقیاتی عمل میں عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے اورسڑکوں کی تعمیر میں گوگل میپ کو فالوکیاجائے۔ اجلاس میں فاٹا کے محکموں میں پلاننگ کیڈر کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔

دریں اثناء گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت فاٹا یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے بھی ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا سکندر قیوم، وائس چانسلر فاٹا یونیورسٹی، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر منیراعظم، ڈائریکٹر آف سپورٹس اینڈ یوتھ آفیئرز اور فاٹا سیکرٹریٹ کے دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر کو فاٹا یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ گورنر خیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اورملک کے دیگر حصوں کی طرح فاٹا میں بھی نوجوان کل آبادی کا ایک بڑا حصہ ہیں، حکومت تعلیم اور تربیت کی دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں کھیل و ثقافت کے ذریعے شعور اجاگر کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے جس کامقصد ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر پورے ملک کی تعمیروترقی میں اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرسکیں۔ گورنرنے کہا کہ فاٹا کی مجموعی ترقی کی کوششوں میں کھیل اور ثقافت کے فروغ کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے۔ قوم وملک کی ترقی وخوشحالی یقینی بنانے کیلئے نئی نسل کی بامقصد تربیت کرکے ہی دیرپا نتائج کا حصول ممکن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی نوجوان صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے انہیں بھرپور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ وہ بھی دنیا بھر میں مختلف شعبہ جات میں اپنے ملک کانام روشن کرسکیں۔
خبر کا کوڈ : 712996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش