QR CodeQR Code

برصغیر کا امن مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے، تحریک خواتین کشمیر

22 Mar 2018 10:07

زمرودہ حبیب نے بتایا ’’آئے روز سرحدی گولہ باری کے دوران کس طرح معصوم لوگ مارے جارہے ہیں جبکہ کئی خاندان بے گھر ہونے کے بعد بنکروں میں رہ رہے ہیں جن کی دادرسی کے لئے کوئی آگے نہیں آرہا ہے‘‘۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر تحریک خواتین نے سرحدی کشیدگی اور گولہ باری کے دوران عام شہریوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت اور پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ وہ افہام و تفہیم کے زریعے تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل کریں اور کشمیر کو تباہی و بربادی سے بچانے کے لئے سرحدوں پر گولہ باری بند کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے سہ فریقی مذاکرات کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کریں۔ پریس کالونی میں بدھ کو کشمیر تحریک خواتین کے بینر تلے ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں دونوں ممالک کو سرحدی گولہ باری بند کر کے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ دہرایا۔ مظاہرین نے بتایا کہ جنگ و جدل سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہو سکتا جبکہ دونوں ممالک سیاسی تدبر، سنجیدگی اور بالغ نظری کا مظاہرہ کرے جو تنازعہ کشمیر کے فوری و پائیدار حل کے امکانات کو تلاش کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

اس موقع پر کشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمرودہ حبیب نے بتایا ’’آئے روز سرحدی گولہ باری کے دوران کس طرح معصوم لوگ مارے جارہے ہیں جبکہ کئی خاندان بے گھر ہونے کے بعد بنکروں میں رہ رہے ہیں جن کی دادرسی کے لئے کوئی آگے نہیں آرہا ہے‘‘۔ انہوں نے بھارت و پاک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افہام و تفہیم کے ذریعے ہی کشمیر سمیت تمام آپسی تنازعات کو حل کریں اور سرحدوں پر گولہ باری بند کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بھارت و پاک کو نفرت اور تعصب کی سیاست ترک کر نے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کا امن کشمیر سے جڑا ہوا ہے، جبکہ کشمیر کے قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ بھارت اور پاکستان آپس میں دوستی کر کے مذاکرات کے ذریعے ہی تمام تنازعات کو حل کریں تاکہ برصغیر کے لوگ بھی امن و سکون کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔


خبر کا کوڈ: 713115

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/713115/برصغیر-کا-امن-مسئلہ-کشمیر-کے-حل-میں-مضمر-ہے-تحریک-خواتین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org