0
Thursday 22 Mar 2018 13:35

نقیب اللہ قتل کیس، انسداد دہشتگردی عدالت کا راؤ انوار کو فوری پیش کرنیکا حکم

نقیب اللہ قتل کیس، انسداد دہشتگردی عدالت کا راؤ انوار کو فوری پیش کرنیکا حکم
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں پولیس کو ملزم سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو فوری پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی انسداد دہشتگردی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ڈی ایس پی قمر احمد سمیت 10 پولیس اہلکار عدالت میں پیش کر دیئے گئے، تاہم راؤ انوار کو عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا۔ راؤ انوار کی عدم پیشی سے متعلق عدالت کے استفسار پر ایس پی انویسٹی گیشن ملیر عابد قائم خانی نے کہا کہ راؤ انوار کو انسدادِ دہشتگردی کی منتظم عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے، انہیں اگلی سماعت پر پیش کر دیا جائے گا، عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ راؤ انوار کو یہاں پیش کیا جائے۔ نقیب اللہ قتل کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزم راؤ انوار سمیت دیگر مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ گزشتہ روز ملزم راؤ انوار کو اسلام آباد سے گرفتار کرکے کراچی لایا گیا تھا۔ معطل سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سپریم کورٹ میں پیش ہوئے تھے، جہاں چیف جسٹس پاکستان کے حکم پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں انہیں کراچی لایا گیا اور سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں بٹھا کر ملیر کینٹ تھانے منتقل کر دیا گیا۔ ملزم راؤ انوار پر جعلی مقابلے میں نقیب اللہ سمیت 4 افراد کے قتل اور جھوٹے مقدمات قائم کرنے کا الزام ہے۔ راؤ انوار 19 جنوری کو جے آئی ٹی کی ٹیم کے روبرو آخری بار پیش ہوئے، جس کے بعد راؤ انوار اور ان کے ساتھی فرار ہوگئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 713160
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش