0
Thursday 22 Mar 2018 22:29

نقیب اللہ محسود قتل کیس، راؤ انوار ایک ماہ کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

نقیب اللہ محسود قتل کیس، راؤ انوار ایک ماہ کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں ملوث ملزم معطل ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو ایک ماہ کیلئے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی، اس دوران ڈی ایس پی قمر احمد سمیت 10 پولیس اہلکاروں کو عدالت میں پیش کیا گیا، تاہم راؤ انوار کو عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا۔ راؤ انوار کی عدم پیشی سے متعلق عدالت کے استفسار پر ایس پی انویسٹی گیشن ملیر عابد قائم خانی نے کہا کہ راؤ انوار کو انسدادِ دہشتگردی کی منتظم عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے، انہیں اگلی سماعت پر پیش کر دیا جائے گا، عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ راؤ انوار کو یہاں پیش کیا جائے۔ سماعت میں وقفہ کے بعد معطل ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کر دیا گیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، جبکہ عدالت کے اطراف رینجرز اور پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات تھی۔ نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت بند کمرے میں کی گئی، انسداد دہشتگردی عدالت کی جج نے ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو کمرہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں، لہٰذا میری عدالت میں کوئی صحافی داخل نہ ہو۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کا معاملہ ہے، لہٰذا راؤ انوار کو 30 روزہ ریمانڈ پر دیا جائے، بار بار پیشی سے ملزم کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہوں گے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے راؤ انوار کو 21 اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ واضح رہے کہ نقیب اللہ قتل کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزم راؤ انوار سمیت دیگر مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ گزشتہ روز ملزم راؤ انوار کو اسلام آباد سے گرفتار کرکے کراچی لایا گیا تھا۔ معطل ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سپریم کورٹ میں پیش ہوئے تھے، جہاں چیف جسٹس ثاقب نثار کے حکم پر انہیں گرفتار کرلیا گیا، بعد ازاں انہیں کراچی لایا گیا اور سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں بٹھا کر ملیر کینٹ تھانے منتقل کر دیا گیا۔ ملزم راؤ انوار پر جعلی مقابلے میں نقیب اللہ سمیت 4 افراد کے قتل اور جھوٹے مقدمات قائم کرنے کا الزام ہے۔ راؤ انوار 19 جنوری کو جے آئی ٹی کی ٹیم کے روبرو آخری بار پیش ہوئے، جس کے بعد راؤ انوار اور ان کے ساتھی فرار ہوگئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 713276
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش