0
Friday 23 Mar 2018 20:04

جمعیت اور پاکستان ایک ہی سلسلے کی دو کڑیاں ہیں، محمد عامر

جمعیت اور پاکستان ایک ہی سلسلے کی دو کڑیاں ہیں، محمد عامر
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلباء نے یوم پاکستان کو ’’میرا پیغام پاکستان‘‘ کے عنوان سے منایا، نوجوانوں کو نظریہ پاکستان سے وابستہ کرنے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر تیار کرنے کیلئے مختلف سرگرمیاں کی گئیں، پاکستان اور نظریہ پاکستان سے تعلق اور محبت کا اظہار کرنے کیلئے سیمینارز، لیکچرز، ریلیاں، سٹیج ڈرامے کئے گئے، سوشل میڈیا پر یوم پاکستان کی مناسبت سے ٹرینڈ چلایا گیا۔ مختصر ویڈیوز بنانے کے مقابلے کروائے گئے۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی محمد عامر نے بتایا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے پورے ملک میں تئیس مارچ کے حوالے تمام بڑے شہروں میں پروگرامات منعقد کئے۔ اس کے علاوہ یوم پاکستان کے حوالے سے فیسٹیول اور صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ ان تمام سرگرمیوں کا اصل مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو وطن سے محبت اور معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ دینا تھا تاکہ معاشرے میں عدم برداشت کا کلچر ختم ہو اور ایک ہی نکتے پہ سب اکٹھے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کسی بھی معاشرے کا کوئی مخصوص طبقہ یا مستقل سماجی پرت نہیں ہوتے، یہ مختلف طبقات سے آتے ہیں اور ان کی زندگی کا یہ عہد جب نوجوانی سے جوانی میں داخل ہو رہا ہوتا ہے شاید ان کی عمر کا سب سے خوشگوار اور نسبتاً کم سماجی و معاشی بوجھ کا وقت ہوتا ہے، گو سماج کی محنت کش پرتوں سے آنیوالی طلبہ کی اکثریت اس دور میں بھی معاشی پریشانیوں سے مبرا نہیں ہوتی لیکن اسی دور میں آنیوالی زندگی اور مستقبل کے کردار، پیشے اور نظریات پروان چڑھتے ہیں، لیکن جوانی کی توانائیاں اور تازگی ایسے جذبوں اور ولولوں سے بھی سرشار ہوتی ہیں جن کی بنیاد پر غیر معمولی ارادے اور کردار جنم لیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ طلبہ کی تحریکوں کا انقلابات میں ایک اہم ابتدایہ کا کردار بنتا ہے۔ شاید اسی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ٹراٹسکی نے یہ تجزیہ پیش کیا تھا کہ طلبہ درختوں کی بلند ٹہنیوں کی طرح ہوتے ہیں جو آنیوالے انقلابی طوفانوں میں سب سے پہلے جھولنے لگتی ہیں اور ان انقلابی ہواؤں کی آمد کا پیغام دیتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جمعیت اور پاکستان ایک ہی سلسلے کی دو کڑیاں ہیں، آج کا نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، اس لئے جمعیت نوجوانوں کو ایک روشن اور مستحکم پاکستان کیلئے تیار کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 713435
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش