QR CodeQR Code

سعودی عرب کی شکست یقینی ہے

حزب اللہ کیساتھ ملکر اسرائیل کیخلاف لڑنے کیلئے تیار ہیں، انصار اللہ

23 Mar 2018 20:44

سید عبدالمالک بدالدین حوثی نے کہا ہے کہ یمن کی غیور قوم پچھلے تین سالوں سے اپنی پوری قوت کیساتھ مزاحمت کر رہی ہے۔ یمن کی قوم شجاعانہ انداز میں کھڑی ہے اور اس نے عظیم انداز میں ڈٹے رہنے کی مثال قائم کر دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصار اللہ یمن کے قائد سید عبدالمالک بدرالدین الحوثی نے لبنان کی ویب سایٹ الاخبار کے ساتھ انٹرویو میں کہا ہے کہ سعودی عرب نے جس طرح شام اور عراق میں شکست کھائی ہے یمن جنگ میں بھی شکست کھائے گا۔ سعودی عرب کی جانب سے یمن کے خلاف شروع کی گئی جنگ کے تین سال مکمل ہونے پر تحریک انصار اللہ کے رہبر کا کہنا تھا کہ یمن کا مستعفی صدر عبد ربہ منصور ہادی سعودی عرب کے دارالخلافہ ریاض میں سعودی عرب کی جانب سے اغوا کیا جا چکا ہے اور اس کی کابینہ کے بعض وزیر بھی اسی شہر میں گرفتار ہیں۔ تحریک انصار اللہ کے رہبر نے محمد بن سلمان کی انصار اللہ کو یمن کی سیاست سے باہر کرنے کی خواہش کو مذاق کا نام دیا اور کہا کہ امریکہ – سعودی عرب حملہ میں یمن کی عوام کے قتل کو جائز سمجھا گیا ہے، چونکہ ان کو اطمینان ہے کہ خطے میں اور بین الاقوامی سطح پر ان کے خلاف کوئی موثر آواز نہیں اٹھائی جائے گی۔ اور اسی طرح چونکہ ان کو علم ہے کہ وہ یمن میں اپنے فوجی اہداف کو حاصل نہیں کرسکتے لہذا وہ عام عوام کے خلاف جنگی جرائم انجام دیتے ہیں۔ یہ ان کا طریقہ کار ہے۔

سید عبدالمالک الحوثی نے کہا کہ سعودی عرب اور امریکہ یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ یمن میں عوام کے خلاف فوجی حملوں کے ذریعے جنگ میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اسی وجہ سے انہوں نے ہزاروں بے گناہ معصوم بچوں، عورتوں، سول نہتے عوام کو قتل کیا اور شہر شہر گاوں گاوں کو اپنے قتل عام کرنے والے ہتیھاروں کا نشانہ بنایا۔ یہ ایسے لوگ ہیں جنہوں نے عوام کو کسی حال میں نہیں بخشا، خوشی کی محفلوں شادی بیاہ کی تقریبات پر حملے کئے اور اسی طرح لوگوں کی غم کی محفلوں اور ان کے جنازوں پر حملے کئے۔ یمن کے گنجان آباد علاقوں، مساجد اور اسکولوں کو نشانہ بنایا گیا۔ الحوثی کا کہنا تھا کہ امریکہ کی موجودہ اور گذشتہ حکومتوں میں کوئی فرق نہیں۔ ٹرامپ کی حکومت اوباما سے زیادہ سعودی عرب کو لوٹنے میں کامیاب نظر آرہی ہے۔ سعودی عرب ایسی گائے کی مانند ہے کہ امریکہ جس کا دودھ دوھتا رہتا ہے۔

انصار اللہ یمن کے لیڈر سید عبدالمالک نے کہا کہ تحریک انصار اللہ حزب اللہ کے ساتھ مل کر اسرائیل کے خلاف لڑنے کیلئے تیار ہے۔ الحوثی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے مکمل دفاع کے حصول تک میزائل نظام میں ترقی کرتے رہیں گے۔ صیہونی حکومت کے لبنان کے خلاف فوجی حملے کی صورت میں یمن سے حزب اللہ کی مدد کیلئے فوجی بھیجیں گے۔ ہم اسرائیل کے خلاف حزب اللہ کے ساتھ لڑنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے قبائل کی آرزو ہے کہ اسرائیل کے خلاف لڑیں۔



دوسری جانب انصار اللہ کی طرف سے سعودی فوجی اڈوں پر میزائل حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حال ہی میں یمنی فورسز نے بدر۱ نامی جدید بالیسٹیک میزائل کو جیزان کے علاقے میں موجود سعودی فوجی چھاونی کی طرف فائر کیا ہے۔ سعودی علاقے نجران میں یمنی فورسز نے سعودی جنگی جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کی موجودگی میں اہم فوجی چوکی پر قبضہ کر لیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 713454

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/713454/حزب-اللہ-کیساتھ-ملکر-اسرائیل-کیخلاف-لڑنے-کیلئے-تیار-ہیں-انصار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org