QR CodeQR Code

بھٹ شاہ، اصغریہ آرگنائزیشن کا 31 واں سالانہ مرکزی کنونشن، شب شہداء کی روح پرور محفل کا انعقاد

24 Mar 2018 04:34

مرکزی کنونشن میں سندھ بھر سے کارکنان شریک ہیں۔ کنونشن کے آخری روز 25 مارچ اتوار کو 31 ویں نئے مرکزی صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کا 31 واں سالانہ تین روزہ ولایت حق مرکزی کنونشن گذشتہ شب بروز جمعہ ثقافتی مرکز بھٹ شاہ میں شروع ہو گیا ہے، کنونشن 25 مارچ بروز اتوار تک جاری رہے گا۔ مرکزی کنونشن میں سندھ بھر سے کارکنان شریک ہیں۔ کنونشن کے آخری روز 25 مارچ اتوار کو 31 ویں نئے مرکزی صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔ مرکزی کنونشن کے پہلے روز شہدائے ملت جعفریہ کی یاد میں شب شہداء کا انعقاد کیا گیا، شب شہداء سے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے فرزند ڈاکٹر سید دانش علی نقوی، علامہ عرفان عامر، انجینئر غلام رضا جعفری، مرکزی صدر فضل حسین اصغری نے خطاب کیا۔ شب شہداء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر دانش علی نقوی نے کہا کہ اصغریہ تنظیم ایک ایسے شہید کے نام سے منسوب ہے، جو خود چھ ماہ کا تھا، لیکن اس نے کربلا میں یزیدی لشکر کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ پیغام کربلا اور پیغام امام حسینؑ ہمیں صرف کتابوں سے نہیں ملا، بلکہ ان کرداروں سے بھی ملتا ہے، جنہوں نے مولا حسینؑ کے نقش قدم پر چل کر حسینی کردار کو ثابت کیا۔

انجینئر غلام رضا جعفری نے کہا کہ لبیک یاحسینؑ کا مطلب ہے کہ ہم ہر وقت مولا کیلئے حاضر ہیں، شہداء کے فکر کو زندہ کرنا ہی شب شہداء ہے، لوگ سمجھتے ہیں کہ شہادت موت کا نام ہے، جبکہ آئمہ طاہرین علیھم السلام فرماتے ہیں کہ شہادت زندگی کا نام ہے، شہید کے خون سے ملت بیدار ہوتی ہے۔ اصغریہ کے مرکزی صدر فضل حسین اصغری نے کہا کہ شہادت اس کے نصیب میں ہوتی ہے، جن کے اعمال میں وزن ہوتا ہے، شہادت سے افضل کوئی موت نہیں ہے۔ کنونشن کے دیگر ایجنڈا میں کارکردگی رپورٹس، محفل دوستان، تجزیئے و تنقید برائے اصلاح، دروس، مذاکرہ، موضوعاتی خطابات، تقریب تقسیم انعامات، اور 31 ویں نئے مرکزی صدر کا انتخاب شامل ہے۔


خبر کا کوڈ: 713498

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/713498/بھٹ-شاہ-اصغریہ-ا-رگنائزیشن-کا-31-واں-سالانہ-مرکزی-کنونشن-شب-شہداء-کی-روح-پرور-محفل-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org