0
Sunday 25 Mar 2018 17:03

کراچی میں پی ایس ایل فائنل، نیشنل اسٹیڈیم کے دروازے کھول دیئے گئے، شائقین کی آمد شروع

کراچی میں پی ایس ایل فائنل، نیشنل اسٹیڈیم کے دروازے کھول دیئے گئے، شائقین کی آمد شروع
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کا فائنل آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، جس کیلئے اسٹیڈیم کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں اور شائقین کی آمد شروع ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 2018ء کے فائنل کیلئے 9 سال 3 ماہ بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی میزبانی کرے گا، جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں 34 ہزار 850 شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اسٹیڈیم کی طرف آنے والی تمام شاہراہیں دلہن کی طرح سجی ہوئی ہیں، جب کہ بڑے ٹاکرے کیلئے سیکیورٹی کی بھی بڑی تیاریاں کی گئی ہیں۔فائنل میں صرف کچھ وقت باقی رہ گیا ہے، لاہور کے بعد شہر قائد کو بھی دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے، اسٹیڈیم میں آج 9 سال بعد کرکٹ کے عالمی ستارے جگمگائیں گے۔ فائنل میں آمنے سامنے آنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی نے نیشنل اسٹیڈیم میں پنجہ آزمائی کیلئے بھرپور پریکٹس کی۔

پی ایس ایل کے بڑے ٹاکرے کیلئے سیکیورٹی کی بھی بڑی تیاریاں کی گئی ہیں، ساڑھے 8 ہزار پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ رینجرز اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی ڈیوٹی پر ہوں گے اور پاک فوج کے جوان کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر اسٹینڈ بائی رہیں گے، جبکہ کرکٹ شائقین کو نیشنل اسٹیڈیم تک پہنچانے کیلئے شٹل سروس چلائی جا رہی ہے۔ اس مقصد کیلئے 200 بسیں استعمال کی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ نے نیشنل اسٹیڈیم پہنچنے کیلئے روٹ پلان دے دیا ہے، جس کے تحت صبح 11 بجے سے اسٹیڈیم کی اطراف کی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ ٹریفک پلان کے مطابق پی ایس ایل فائنل کے موقع پر شارع فیصل سے کار ساز روڈ ٹریفک کیلئے بند ہے۔ نیو ٹاؤن سے اسٹیڈیم جانے والی شارع بھی عام ٹریفک کیلئے بند ہے، میلینئم مال عسکری چورنگی سے ڈالمیا روڈ بھی عام ٹریفک کیلئے بند ہے اور لیاقت آباد 10 نمبر سے اسٹیڈیم جانے والی شارع بھی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پارکنگ کیلئے بنائے گئے مخصوص ایریاز پر صرف وہ ہی شہری آسکیں گے، جن کے پاس میچ کا ٹکٹ ہوگا، پارکنگ لاٹس پر آنے کے بعد شہریوں کو شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم کے قریب تک پہنچایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 713794
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش