0
Wednesday 28 Mar 2018 19:03

نیب قانون سے متعلق میرا موقف ریکارڈ پر ہے، یہ کالا قانون ہے، خواجہ سعد رفیق

نیب قانون سے متعلق میرا موقف ریکارڈ پر ہے، یہ کالا قانون ہے، خواجہ سعد رفیق
اسلام ٹائمز۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ نیب قانون سے متعلق میرا موقف ریکارڈ پر ہے، یہ کالا قانون ہے، پاکستان میں جب بھی احتساب کا نعرہ لگا اس کے مقاصد کچھ اور تھے۔ انہوں نے کہا انتظامیہ اور عدلیہ کے سربراہ میں ملاقات ملکی مفاد میں ہے، اللہ کرے ملک میں وقت پر انتخابات ہو جائیں۔ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا تھا فرشتوں کی قوت اس طرح سے نہیں آ سکتی، ایک دوسرے پر الزام لگانا، چور کہنا اور ڈوریاں ہلانا اچھے کام نہیں، ہم نے نہ کبھی کسی کی سفارش کی اور نہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کھیل کھیلنے سے خرابیاں پیدا ہوں گی، عوام کو فیصلہ کرنے دیں کون ٹھیک ہے کون نہیں، ملک کو انتشار اور افراتفری کی طرف نہ لے جایا جائے اس کے بھیانک نتائج نکلیں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ کوئی مڈبھیڑ یا تصادم نہ ہو، پاکستان اس کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہم سیاسی جدوجہد کرینگے، کسی سے لڑیں گے نہ الجھیں گے۔ انہوں نے کہا جو کمایا ہے اس کی تفصیل سپریم کورٹ اور نیب میں دے دی ہے، میں پلاٹ لیتا ہوں، کمیشن نہ ہی کوٹہ، ریلوے کے مردہ ادارے میں جان ڈالی، ہم دونوں بھائیوں نے اپنے اپنے اداروں میں اپنے طور پر محنت سے کام کیا ہے، ہم جتنی خدمت کر سکتے تھے اپنی بساط سے بڑھ کر کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہے جو وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات کو دوسرا رنگ دے رہے ہیں، اس ملاقات میں ہم نے رعایت نہیں مانگی نہ ہی کوئی رعایت دے گا نہ کوئی مانگے گا، اب حالات بدل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن ہنس رہے ہیں، ہمیں اندرونی مسائل میں الجھا دیا گیا ہے جبکہ اس سے ترقی کا سفر متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی سیاست دان کے اہل یا نااہل ہونے کا فیصلہ عوام کو کرنے دیا جائے، کسی اور کو یہ فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کیلئے نواز شریف جیسی قیادت ضروری ہے، اگر کسی کو اقتدار میں آنے کا شوق ہے تو وہ الیکشن کے ذریعے اقتدار میں آئے، عوام اگر پسند کریں گے تو انہیں ووٹ دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 714396
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش