0
Thursday 29 Mar 2018 10:36

جرمن سفیر کا بلین ٹری سونامی پراجیکٹ سائٹس کا دورہ

جرمن سفیر کا بلین ٹری سونامی پراجیکٹ سائٹس کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے دوسرے غیر ملکی سفارتکاروں کے ہمراہ مردان اور پشاور فارسٹ ڈویژن میں بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کی مختلف سائٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر غیر ملکی سفارتکاروں کے ساتھ سیکرٹری جنگلات سید نذر حسین شاہ اور محکمہ جنگلات کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ کنزرویٹر جنوبی سرکل نے غیر ملکی مہمانوں کو محکمہ جنگلات کے بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے تحت سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ جرمن سفیر نے بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات کے عملے اور کمیونٹی کی اس حوالے سے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ مارٹن کوبلن نے کہا کہ محکمہ جنگلات کا عملہ اور ہزاروں لوگ جنگلات کی بحالی کیلئے قابل ستائش کام کررہے ہیں۔ اپنے ایک ٹویٹ میں جرمن سفیر نے کہا کہ وہ بلین ٹری منصوبے سے بہت زیادہ بہت متاثر ہیں۔ انہوں نے گڑھی چندان اور خیبر پختونخوا کے دوسرے علاقوں میں پلانٹیشن کی سائیٹس کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ وہاں انہوں نے بے شمار درخت دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے بارشیں زیادہ ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کو سیاست سے بالاتر ہونا چاہیئے۔ سیکرٹری جنگلات نے سفیر کو محکمہ جنگلات کی کارکردگی، مختلف سرگرمیوں اور منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبے کے تحت 1 ارب 18 کروڑ درخت اُگائے گئے ہیں جس میں نئے پودے اور قدرتی طور پر اگنے والے درخت بھی شامل ہیں۔ اس منصوبے کے نتیجے میں جنگلات کا رقبہ 6.3 فیصد بڑھ گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری نے سفیر کو یہ بھی بتایا کہ یہ منصوبہ ساڑھے 12 ارب روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 714463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش