QR CodeQR Code

بس میں ہوتا تو کبھی پاکستان نہ چھوڑتی، ملالہ یوسفزئی

29 Mar 2018 17:29

وزیرِاعظم ہاؤس میں اپنے اعزاز میں منعقد کی جانیوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوبیل انعام یافتہ کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک کے قیام کے دوران انکی ہمیشہ یہ خواہش رہی کہ وہ اپنے وطن واپس جائیں اور اپنے لوگوں سے ملیں اور باتیں کریں، پاکستان میں بچوں کی تعلیم کیلئے کام کرنیکی ضرورت ہے اور ملالہ فنڈ اس ضمن میں پاکستان میں خاصا کام کررہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امن نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی نے اپنی وطن واپسی کو زندگی کا اہم دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے گذشتہ لگ بھگ ساڑھے 5 سال کے دوران ہمیشہ یہی سوچا کہ اپنے ملک میں قدم رکھ سکوں۔ جمعرات کو وزیرِاعظم ہاؤس میں اپنے اعزاز میں منعقد کی جانے والی ایک تقریب سے خطاب کے دوران ملالہ یوسفزئی نے جذباتی انداز میں کہا کہ اگر میں چاہتی تو کبھی بھی اپنے ملک کو نہیں چھوڑتی مگر یہاں کے ڈاکٹروں نے میری سرجری کی اور جان بچائی اور مزید علاج کیلئے مجھے باہر جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک کے قیام کے دوران ان کی ہمیشہ یہ خواہش رہی کہ وہ اپنے وطن واپس جائیں اور اپنے لوگوں سے ملیں اور باتیں کریں۔ ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کی تعلیم کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے اور ملالہ فنڈ اس ضمن میں پاکستان میں خاصا کام کررہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملالہ نے لڑکیوں کے تعلیم کیلئے جو خدمات سرانجام دیں وہ سب کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملالہ کو اپنے گھر آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

اپنے خطاب میں وزیرِاعظم نے کہا کہ دنیا نے آپ کو عزت دی، پاکستان بھی آپ کو عزت دے گا۔ تقریب سے قبل ملالہ یوسفزئی نے اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ایوانِ وزیرِاعظم میں وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ مملکت مریم اورنگزیب، انوشہ رحمٰن اور ماروی میمن بھی موجود تھیں۔ ملالہ یوسفزئی اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ بدھ کو رات گئے اچانک غیر اعلانیہ دورے پر نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تھیں جہاں سے انہیں انتہائی سخت سکیورٹی میں اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل منتقل کر دیا گیا تھا۔ پاکستان میں ملالہ کی مصروفیات کو خفیہ رکھا گیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں 4 روز قیام کریں گی۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ اس دورے کے دوران ملالہ اپنے آبائی شہر سوات جائیں گی یا نہیں۔


خبر کا کوڈ: 714564

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/714564/بس-میں-ہوتا-کبھی-پاکستان-نہ-چھوڑتی-ملالہ-یوسفزئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org