0
Saturday 31 Mar 2018 00:14

سینیٹ ارکان کی شاہ خرچیاں، 98 لاکھ روپے دعوتوں پر اڑا دیئے

سینیٹ ارکان کی شاہ خرچیاں، 98 لاکھ روپے دعوتوں پر اڑا دیئے
اسلام ٹائمز۔ سینیٹ اراکین نے شاہ خرچیاں کرتے ہوئے 98 لاکھ سے زائد روپے ضیافتوں پر اڑا دیئے اور مزید خرچ کے لئے ایک کروڑ روپے مانگ لئے۔ تفصیلات کے مطابق، رضا ربانی نے سینیٹ سیکریٹریٹ کے لوگوں کو 28 لاکھ 50 ہزار روپے کا ظہرانہ دیا جبکہ راجہ ظفر الحق، مولانا عبدالغفور حیدری اور اعتزاز احسن نے بھی دل کھول کر شاہانہ دعوتیں دیں۔ فنڈز ختم ہونے پر سینیٹ سیکریٹریٹ نے فنانس اور اکاؤنٹس برانچ کو خط لکھ کر مزید ایک کروڑ روپے مانگ لئے ہیں۔ خط میں 6 مارچ سے 13 مارچ تک کی الوداعی تقریبات کے کھانوں کی تفصیلات ہوش اڑا دینے کے لئے کافی ہیں۔ 7 مارچ کو رضا ربانی نے سینیٹ سیکریٹریٹ کے تمام لوگوں کے لئے 28 لاکھ 50 ہزار روپے خرچ کرکے ظہرانہ دیا۔ 8 مارچ کو ایک عشائیے پر 19 لاکھ 90 ہزار روپے اڑا دئیے گئے۔

سینیٹ پبلیکیشنز کے لئے لنچ 12 لاکھ 62 ہزار روپے میں پڑا، سابق قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے 6 مارچ کو سینیٹرز کے اعزاز میں 5 لاکھ 52 ہزار روپے خرچ کرکے عشائیہ دیا۔ ایسا ہی ایک عشائیہ سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے اگلے روز 5 لاکھ 52 ہزار روپے خرچ کرکے سجایا۔ سابق قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے بھی سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ اتنی ہی رقم خرچ کرکے دیا۔ 12 مارچ کو سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ 2 لاکھ 25 ہزار روپے میں دیا گیا جب کہ 13 مار چ کو سینیٹ کے نئے عہدے داروں کی حلف برداری کی تقریب میں 1 لاکھ 75 ہزار روپے خرچ ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 714791
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش