0
Friday 13 May 2011 01:12

حسن سدپارہ نے ماونٹ ایورسٹ سر کر کے پاکستان کا نام پوری دُنیا میں مشہور کر دیا ہے، سید مہدی شاہ

حسن سدپارہ نے ماونٹ ایورسٹ سر کر کے پاکستان کا نام پوری دُنیا میں مشہور کر دیا ہے، سید مہدی شاہ
گلگت بلتستان:اسلام ٹائمز۔وزیر اعلی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ حسن سدپارہ نے ماونٹ ایورسٹ سر کر کے ثابت کر دیا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ صلاحیتوں کے اعتبار سے دُنیا کی کسی بھی قوم کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس عظیم کامیابی پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ حسن سدپارہ کی جانب سے ماونٹ ایورسٹ سر کرنے کی خبر کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت علاقے میں موجود وسیع سیاحتی مواقعوں سے فائدہ اُٹھانے کیلئے سنجیدہ اور اہم اقدامات کر رہی ہے جسکے تحت سکردو ائرپورٹ کو آل ویدر جبکہ شاہراہ قراقرم کو وسیع کیا جارہا ہے تاکہ دُنیا کے کونے کونے سے آنے والے سیاحوں کو بہترین سفری سہولیات میسر ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اللہ تعالیِ نے بہت بڑے قدرتی وسائل سے نوازا ہے جن میں معدنیات، آبی ذخائر اور سربہ فلک برف پوش چوٹیاں ہیں ان وسائل کو بروئے کار لا کر علاقے میں موجود بے روزگاری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو کوہ پیمائی جیسے مشکل ہنر کی طرف راغب کرنے اور اُن کی بہتر تربیت کیلئے محکمہ سیاحت کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو جدید خطوط پر کوہ پیمائی کی تعلیم و تربیت کیلئے پروگرام مرتب کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حسن سدپارہ کے تاریخ ساز کارنامے پر پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے۔
خبر کا کوڈ : 71486
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش