QR CodeQR Code

غاصب ریاست اسرائیل کا عبرتناک انجام اب نزدیک ہے، علامہ مقصود ڈومکی

31 Mar 2018 23:12

اندرون سندھ تنظیمی دورے کے موقع پر مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ امیرالمومنین امام علیؑ کی حیات طیبہ میں ہمیں تمام انسانی کمالات یکجا نظر آتے ہیں، آپؑ ایک انسان کامل ہونے کے ناطے ہم سب کیلئے اسوہ ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ہم سیرت علوی سے دوری کے باعث آج زوال کا شکار ہیں، علوی سیرت و کردار اپنا کر، علم و عمل کے ذریعے ہم حقیقی شیعہ بن سکتے ہیں، فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں سترہ افراد کی شہادت اور پندرہ سو فلسطینیوں کے زخمی ہونے پر انتہائی افسوس ہے۔ اندرون سندھ کے اضلاع نوابشاہ، نوشہروفیروز، مٹیاری، حیدرآباد اور شہداد کوٹ کے تنظیمی دورے کے موقع پر مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ امیرالمومنین امام علیؑ کی حیات طیبہ میں ہمیں تمام انسانی کمالات یکجا نظر آتے ہیں، آپؑ ایک انسان کامل ہونے کے ناطے ہم سب کیلئے اسوہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر ہم دین و دنیا کی بھلائی اور کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہج البلاغہ شخصیت علیؑ کی بہترین عکاس ہے، جو علم و عرفان کا سمندر ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی بے حسی نے اسرائیل کو جری کر دیا ہے، اسرائیلی مظالم پر عالمی ادارے اور عرب حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے دوستی کرکے اور بھارت سے اسرائیل تک فضائی سروس کو راستہ دے کر آل سعود نے اسلام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان جدوجہد آزادی کے سفر میں فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر ہمیں تشویش ہے، اسرائیل غاصب ریاست ہے، جس کا عبرتناک انجام اب نزدیک ہے۔


خبر کا کوڈ: 714970

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/714970/غاصب-ریاست-اسرائیل-کا-عبرتناک-انجام-اب-نزدیک-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org