QR CodeQR Code

سندھ فوڈ اتھارٹی کراچی تک محدود کیوں، تاجروں کا شدید ردعمل

1 Apr 2018 18:05

ایک بیان میں کراچی چیمبر کے صدر نے کہا کہ کراچی چیمبر ایس ایف اے کے قیام کے خلاف نہیں کیونکہ محفوظ اور صحت مند خوراک کو کسی بھی قیمت پر عوام الناس تک پہنچانا ہوگا جو ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تاہم اس اتھارٹی کی کارروائیوں کو کراچی تک محدود رکھنا ناانصافی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مفسر عطا ملک نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے آپریشن کو صرف کراچی شہر تک محدود رکھنے کے حکومتی اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے تاجر و صنعتکار برادری کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ مفسر ملک نے خوراک و پارلیمانی معاملات کے وزیر نثار کھوڑو کی اس سلسلے میں حالیہ پریس کانفرنس کا حوالہ دیا جس میں سندھ فوڈ اتھاڑتی کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایف اے کا بورڈ آف گورنرز جو صوبائی وزیر خوراک کی سربراہی میں کام کرے گا، اس میں درجنوں بیوروکریٹس بشمول مختلف ڈیپارٹمنٹس کے سیکریٹریز اور ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ساتھ سندھ اسمبلی کے تین منتخب ممبران اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو شامل کیا گیا ہے، ایس ایف اے بورڈ میں توازن پیدا کرتے ہوئے اس میں تاجر و صنعتکار برادری کی نمائندگی مزید بڑھانی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی چیمبر ایس ایف اے کے قیام کے خلاف نہیں کیونکہ محفوظ اور صحت مند خوراک کو کسی بھی قیمت پر عوام الناس تک پہنچانا ہوگا جو ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تاہم اس اتھارٹی کی کارروائیوں کو کراچی تک محدود رکھنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ سیمینارز اور اشتہارات کے ذریعے کھانے پینے کی اشیاء کے معیار پر مبنی بڑے پیمانے پر آگاہی مہم کو چلایا جائے جبکہ اتھارٹی اُس وقت تک کسی بھی قسم کی سزا دینے سے گریز کرے۔


خبر کا کوڈ: 715080

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/715080/سندھ-فوڈ-اتھارٹی-کراچی-تک-محدود-کیوں-تاجروں-کا-شدید-ردعمل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org