QR CodeQR Code

وفاقی حکومت کراچی سمیت سندھ میں بلاجواز لوڈشیڈنگ فوری طور پر بند کرے، پیپلز پارٹی

1 Apr 2018 23:37

اپنے مشترکہ بیان میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے رہنماؤں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں وفاقی حکومت اپنے وعدوں اور دعوؤں کے باوجود بجلی کی مسلسل سپلائی میں ناکام ہو چکی ہے، سیاست میں شوبازیاں کرنے والے شریف خاندان اور ان کے حواریوں نے 5 سالوں میں عوام کیلئے کوئی کام سرانجام نہیں دیا۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی، ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، قائم مقام جنرل سیکریٹری عبدالرحیم اور سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں کراچی سمیت پورے سندھ میں موسم گرما سے قبل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں پی پی کراچی کے رہنماؤں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں وفاقی حکومت اپنے وعدوں اور دعوؤں کے باوجود بجلی کی مسلسل سپلائی میں ناکام ہو چکی ہے، سیاست میں شوبازیاں کرنے والے شریف خاندان اور ان کے حواریوں نے 5 سالوں میں عوام کیلئے کوئی کام سرانجام نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان الیکشن سے قبل چیخ چیخ کر جو دعوؤں اور وعدے عوام سے کر رہے تھے، وہ اپنی ہی بات کو پورا نہ کر سکے اور اس سال آنے والے الیکشن میں کس منہ سے عوام سے ووٹ مانگنے کا حق رکھتے ہیں، عوام نام تبدیل کرنے والوں اور مینار پاکستان کے باہر ٹینٹ لگا کر ڈرامہ کرنے والوں سے جواب مانگ رہی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ سخت گرمی کے موسم میں جان بوجھ کر لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس کا کوئی جواز نہیں، ایک طرف لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی عذاب بنا رکھی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت تمام سندھ میں بلاجواز اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری طور پر بند کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 715124

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/715124/وفاقی-حکومت-کراچی-سمیت-سندھ-میں-بلاجواز-لوڈشیڈنگ-فوری-طور-پر-بند-کرے-پیپلز-پارٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org