0
Monday 2 Apr 2018 19:46

سب سے زیادہ کرپشن بلوچستان میں ہو رہی ہے، سینیٹر سراج الحق

سب سے زیادہ کرپشن بلوچستان میں ہو رہی ہے، سینیٹر سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ان عدالتوں میں اس وقت تک انصاف نہیں ملے گا، جب تک چیف جسٹس کے ہاتھ قرآن پاک پر نہیں ہونگے۔ موجودہ عدالتوں میں بااثر اور بڑے لوگ جیت جاتے ہیں، کمزور ہار جاتا ہے۔ بلوچستان کے لوگ عملی اقدامات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم چاہتے ہیں۔ غیر جمہوری طاقتوں کا قبضہ رہا اور صوبے کی بھاگ دوڑ سنبھالنے والوں نے ہمیشہ کرپشن کی۔ بلوچستان میں کرپشن اور پسماندگی سب سے زیادہ ہے۔ بلوچستان کی عوام اس دفعہ جماعت اسلامی کو ووٹ دے کر خدمت کا موقع دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے شہر حب میں سالانہ تقریب بخاری شریف و اسناد کی تقسیم کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں سیاسی بحران ہےم سیاستدان اور ادارے آمنے سامنے ہیں، موجودہ نظام غریب طبقے کی حقوق کا ضامن نہیں، ترقی اور خوشحالی کا پیغام صرف جماعت اسلامی کا نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف جسٹس سے مطالبہ کر چکے ہیں کہ تمام منتخب سینیٹرز کو بلایا جائے اور ان سے حلف لیا جائے کہ انہوں نے اپنے الیکشن میں پیسہ استعمال کیا ہے۔

سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پیسے کی بنیاد پر منتخب ہونے والا سینیٹر ملک و قوم کے مفاد کے لئے کام نہیں کریں گے، بلکہ وہ پیسہ بنائے گا۔ سینیٹ میں چیئرمین منتخب ہونے سے بلوچستان کے لوگوں کی تقدیر نہیں بدلے گی۔ اس سے پہلے بلوچستان سے وزیراعظم منتخب ہوا، کوئی فرق نہیں پڑا۔ بلوچستان وسائل سے مالا مال صوبہ ہے۔ مگر یہاں کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کو اسلامی طرز حکومت پر چلانے اور فیڈریشن کو مضبوط بنانے کے لئے مخلص قیادت کی ضرورت ہے۔ ہمارے ملک میں معاشی نظام بھی ظلم اور ناانصافیوں کی بنیاد پر بنا ہے۔ ملک کی تمام پالیسی بین الاقوامی آقاؤں کے اشاروں اور ہدایات پر بنتی ہیں۔ بلوچستان پاکستان کا سب سے مالدار صوبہ ہے، لیکن حکمران طبقہ کی وجہ سے آج بلوچستان کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا ہے۔ اب ہم اس نظام سے بغاوت کا اعلان کرتے ہیں۔ اقتدار میں آکر بلوچستان کی احساس محرومی کو انشاءاللہ دور کیا جائے گا۔ اللہ نے یہ حکم دیا ہے کہ دین کو غالب کرو اور فرقوں میں مت پڑو، لوگوں کو تقسیم نہ کرو۔
خبر کا کوڈ : 715247
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش