0
Monday 2 Apr 2018 22:24

پی ایس او کے مختلف اداروں پر واجبات 335 ارب روپے سے تجاوز کرگئے

پی ایس او کے مختلف اداروں پر واجبات 335 ارب روپے سے تجاوز کرگئے

اسلام ٹائمز۔ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کا مالی بحران سنگین ہوگیا ہے اور پی ایس او کے مختلف اداروں کے ذمہ واجبات 335 ارب 10 کروڑ روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ مختلف اداروں کی جانب سے پی ایس او کو باقاعدگی سے ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے پی ایس او مالیاتی بحران کا شکار ہو گیا ہے اور عدم ادائیگیوں کی جانب سے پی ایس او مشکلات کا شکار ہوگیا ہے۔ دستاویز کے مطابق مختلف اداروں کی جانب سے پاکستان اسٹیٹ آئل کو 335 ارب سے زائد کی رقم واجب الادا ہے۔ پاور سیکٹر پی ایس او کا سب سے بڑا نادہندہ ہے اور پاور سیکٹر نے پی ایس او کو 283 ارب 40 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کرنی ہیں۔ سرکاری دستاویز کے مطابق بجلی کی پیداواری کمپنیوں (جینکوز) نے پی ایس او کو 153 ارب روپے، حبکو نے 83 ارب 40 کروڑ روپے اور کوٹ ادو پاور کمپنی نے پی ایس او کو 43 ارب 70 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔ دستاویز کے مطابق پی آئی اے نے پی ایس او کو 16 ارب 20 کروڑ روپے اور حکومت نے قیمتوں میں فرق کے کلیمز سے متعلق 9 ارب 60 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں، جبکہ سوئی نادرن گیس کمپنی لمٹیڈ نے ایل این جی کے واجبات کی مد میں پی ایس او کو 25ارب روپے کی ادائیگی کرنی ہے۔ مالی بحران کا شکار پی ایس او نے مختلف ملکی و غیر ملکی ریفائنریوں کو 15 ارب 10 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔ پی ایس او نے پارکو کو 7 ارب 20 کروڑ روپے، پاکستان ریفائنری لمٹیڈ کو 2 ارب 40 کروڑ روپے، بائیکو 2 ارب 20 کروڑ روپے اور اٹک آئل ریفائنری کو 1 ارب 80 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔ دستاویز کے مطابق پی ایس او نے اینار کو 80 کروڑ روپے اور نیشنل ریفائنری لمٹیڈ کو 70 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔ دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ پی ایس او نے ایل سی، ایل این جی اور دیگر ادائیگیوں کی مد میں مجموعی طور پر 65 ارب 60 کروڑ روپے فوری ادا کرنے ہیں۔ پی ایس او ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پی ایس او کو باقاعدگی سے ادائیگیوں کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم اس پر ابھی تک کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے پی ایس او گزشتہ کئی سال سے مالی مشکلات کا شکار رہا ہے، اگر پی ایس او کو بروقت ادائیگیاں نہ کی گئیں، تو سپلائی چین متاثر ہو سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 715279
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش