0
Tuesday 3 Apr 2018 20:32

ہائیکورٹ کا مال روڈ لاہور پر احتجاج کے حوالے سے قانون سازی کا حکم

ہائیکورٹ کا مال روڈ لاہور پر احتجاج کے حوالے سے قانون سازی کا حکم
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو مال روڈ پر احتجاج پر پابندی کے احکامات پر عملدرآمد کیلئے قانون سازی کی ہدایت کر دی اور اس مقصد کیلئے حکومتی استدعا منظور کرتے ہوئے مہلت دیدی ہے۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے مال روڈ پر احتجاج کی پابندی پر عملدرآمد نہ کرانے کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی تو پنجاب حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لیڈیز ہیلتھ ورکرز کا احتجاج ختم ہو گیا ہے، فل بنچ نے استفسار کیا کہ مال روڈ پر احتجاج کی پابندی کے بارے میں کیا قانون سازی کی گئی ہے؟ جس پر پنجاب حکومت کے وکیل نے استدعا کی کہ قانون سازی کیلئے وقت دیا جائے۔

سماعت کے دوران جسٹس شاہد جمیل خان نے حیرت کا اظہار کیا کہ احتجاج چیئرنگ کراس پر ہوتا ہے لیکن گورنر ہاﺅس سے راستے بند کر دیتے ہیں۔ فل بنچ کے استفسار پر پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ احتجاج کیلئے ناصر باغ کو مخصوص کیا گیا ہے اور اس مقصد کیلئے ناصر باغ میں مظاہرین کیلئے سہولیات رکھی ہیں۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالتی استفسار پر یہ بھی بتایا کہ مال روڈ پر احتجاج کرنیوالے کی کوریج کو نشر نہ کرنے کیلئے  بھی متعلقہ حکام سے رجوع کیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ مال روڈ پر احتجاج کو روکنے کیلئے قانون سازی کی جائے، فل بنچ نے مزید کارروائی 19 اپریل تک ملتوی کر دی۔
خبر کا کوڈ : 715315
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش