QR CodeQR Code

پختونوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائیگی، اسفندیار ولی

3 Apr 2018 11:00

تھنک ٹینک کے اجلاس میں اے این پی کے مرکزی صدر نے فاٹا انضمام میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلا ضرورت لیت و لعل اور تاخیر مزید پیچیدہ مسائل کو جنم دیگی، فاٹا کو آئندہ الیکشن سے قبل صوبے میں ضم کرکے صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے اور آئین میں ترمیم کر کے صوبائی کابینہ میں فاٹا کا حصہ مختص کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی نے دور حاضر میں پختونوں کو درپیش مسائل و مشکلات کے دائمی حل کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان کی زیرِصدارت چارسدہ ولی باغ میں تھنک ٹینک اجلاس ہوا۔ مشاورتی کمیٹی کے تمام ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ پختونوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی، تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ انہوں نے فاٹا انضمام میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلا ضرورت لیت و لعل اور تاخیر مزید پیچیدہ مسائل کو جنم دے گی۔ فاٹا کو آئندہ الیکشن سے قبل صوبے میں ضم کر کے صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے اور آئین میں ترمیم کر کے صوبائی کابینہ میں فاٹا کا حصہ مختص کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا دہشتگردی سے متاثر ہوا ہے، لہذٰا اس کی ترقی کیلئے مالی پیکج کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اسفند یار ولی خان نے مزید کہا کہ فاٹا کے بیشتر علاقوں میں بچھی مائینز سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، لہذٰا مزید جانی نقصان روکنے کیلئے ان مائینز کو صاف کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے اور دہشت گردی و بارودی سرنگوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے ورثا کو شہداء پیکج دینے کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 715329

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/715329/پختونوں-کو-درپیش-مسائل-کے-حوالے-سے-آل-پارٹیز-کانفرنس-بلائی-جائیگی-اسفندیار-ولی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org