QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی نے سندھ میں تعلیم اور صحت کے ادارے تباہ کردیئے ہیں، ایاز لطیف پلیجو

3 Apr 2018 15:16

حیدرآباد میں وفد سے ملاقات کے دوران کیو اے ٹی کے مرکزی صدر نے کہا کہ کراچی جیسے معیاری اسپتال سندھ کے دوسرے کسی ضلع میں نہیں، وفاقی حکومت نے بھی سندھ میں صحت اور تعلیم کی بہتری کے لئے کوئی کام نہیں کیا، سندھ کے عوام کو حکمرانوں کے جھوٹے نعروں کے پیچھے لگنے کے بجائے میدان میں نکلنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں تعلیم اور صحت کے ادارے تباہ کردیئے ہیں، سرکاری اسکولوں میں تعلیم کا کوئی معیار نہیں، پرائیویٹ تعلیمی ادارے غریب لوگوں کے لئے بڑے مہنگے ہیں، مزدور، ہاری اور غریب عوام کے بچوں کو جان بوجھ کر تعلیم سے دور کیا جا رہا ہے، تھر سمیت سندھ بھر میں بیماریوں کی وجہ سے بچے مر رہے ہیں، سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولیات میسر نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں نواب شاہ کے ابراہیم بگٹی، اختر خاص خیلی اور یوسف میتلو کی قیادت میں آئے وفد سے گفتگو میں کیا۔ ایاز لطیف پلیجو نے مزید کہا کہ سرکاری اسکول فرنیچر، پانی، بجلی اور دیگر سہولیات کی قلت کا شکار ہیں، ہزاروں اسکول حکومتی وڈیروں کی اوطاق اور ان کے جانوروں کے باڑے بنے ہوئے ہیں، تعلیم کی بہتری کے نام پر کرپٹ حکمران اور بیورو کریٹ مل کر اربوں روپے ہڑپ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے سندھ کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے معیاری اسپتال سندھ کے دوسرے کسی ضلع میں نہیں، وفاقی حکومت نے بھی سندھ میں صحت اور تعلیم کی بہتری کے لئے کوئی کام نہیں کیا، سندھ کے عوام کو حکمرانوں کے جھوٹے نعروں کے پیچھے لگنے کے بجائے میدان میں نکلنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 715396

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/715396/پیپلز-پارٹی-نے-سندھ-میں-تعلیم-اور-صحت-کے-ادارے-تباہ-کردیئے-ہیں-ایاز-لطیف-پلیجو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org