0
Friday 6 Apr 2018 01:51

مقصود قتل کیس میں انسداد دہشتگردی کی دفعہ شامل ہوتے ہی ملزمان عدالت سے فرار

مقصود قتل کیس میں انسداد دہشتگردی کی دفعہ شامل ہوتے ہی ملزمان عدالت سے فرار
اسلام ٹائمز۔ کراچی کی مقامی عدالت نے پولیس کے ہاتھوں مقصود قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ شامل کرنے کی منظوری دے دی۔ عدالت کی جانب سے حکم جاری ہوتے ہی چاروں ملزم پولیس اہلکار تفتیشی افسر کی ملی بھگت سے عدالت سے فرار ہوگئے۔ کراچی کے علاقے شارع فیصل پر رواں سال 20 جنوری کو پولیس کے ہاتھوں بے گناہ نوجوان مقصود کے قتل کے مقدمہ نمبر 18/91 کی مقامی عدالت میں سماعت ہوئی۔ پولیس کی جانب سے عدالت میں حتمی چالان جمع کرایا جانا تھا مگر پولیس نے عدالت سے کیس میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے شامل کرنے کی درخواست کی جس پر وکلاء اور پولیس کی جانب سے جرح کی گئی۔ دلائل کے بعد عدالت نے پولیس کی استداء منظور کرلی اور پولیس کو حکم دیا کہ آئندہ 7 دن میں مقدمے میں دفعہ 7 اے ٹی اے کا اضافہ کرکے رپورٹ شواہد کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرائی جائے۔ مدعی اور مقتول ٹیلر ماسٹر مقصود کے والد شیر علی کے وکیل جبران ناصر کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ مقدمے میں نامزد چاروں ملزمان اِس وقت تک قتل کی دفعہ کے تحت عبوری ضمانت پر ہیں، عدالت ملزم پولیس اہلکاروں کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کرے کیونکہ ان کے پاس دہشت گردی کی دفعہ کے تحت ضمانت نہیں ہے۔

عینی شاہد کے مطابق اس دوران جعلی مقابلے میں ملوث ملزم اے ایس آئی طارق خان، کانسٹیبل اکبر خان، عبدالوحید اور شوکت علی دوڑتے ہوئے عدالت سے فرار ہوگئے۔ متاثرہ خاندان کے مطابق ملزمان کو موقع پر موجود انویسٹی گیشن افسر ڈی ایس پی زبیر خان اور ایس ایچ او شارع فیصل علی حسن نے موقع سے بھاگ جانے کا اشارہ کیا اور انہیں جان بوجھ کر گرفتار کرنے کی کوشش نہیں کی۔ متاثرہ خاندان کے مطابق اس مقدمے میں ملزمان کا وکیل ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کا بیٹا ہے۔ ان کا کہنا ہے یہی وجہ ہے کہ اس کیس میں نقیب محسود اور انتظار قتل کیس کی طرح ادارے حرکت میں نہیں آرہے اور انصاف کی فراہمی قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں ہو رہی ہے۔ دریں اثناء پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے تیاری مکمل ہے اور مقدمے میں انسداد دہشتگردی کی دفعہ کی رپورٹ جلد اے ٹی سی کی منتظم عدالت میں پیش کردی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 715952
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش