0
Saturday 7 Apr 2018 17:22

عدالت میں بیٹھ کر حکومت نہیں چلانا چاہتے، ہمارا کام آئینی معاملات دیکھنا ہے، سپریم کورٹ

عدالت میں بیٹھ کر حکومت نہیں چلانا چاہتے، ہمارا کام آئینی معاملات دیکھنا ہے، سپریم کورٹ
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ میں دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ہمارا کام آئینی معاملات دیکھنا ہے اور ہم عدالت میں بیٹھ کر حکومت نہیں چلانا چاہتے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سرکاری اراضی کی منتقلی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ سے مکالمے کے دوران ریمارکس دیئے کہ زمینی حقائق بتاتے ہیں کہ آپ نے ہزاروں کی تعداد میں الاٹمنٹ کیں، محکمہ ریونیو میں آج بھی بڑے بڑے ڈاکو بیٹھے ہیں، اگر سرکاری اراضی کی منتقلی سے پابندی اٹھائی تو آپ کے افسران جشن منائیں گے، پھر حصہ بندیاں ہوں گی کہ کس کو کیا ملے گا، پورے ملک میں ہم کراچی کی وجہ سے شرمندہ ہوتے ہیں، پورا پاکستان ہم پر ہنستا ہے کہ یہ ہے آپ کا کراچی، ہے کوئی اس شہر کا وارث، ائیر پورٹ سے اترتے ہیں تو برا حال نظر آتا ہے، یہ ہے آپ کی گڈ گورننس، شارع فیصل پر ایک باغ نہیں، شارع فیصل پر جگہ جگہ دیواریں کس لئے بنارہے ہیں۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ایڈووکیٹ جنرل صاحب! آپ کے سرکاری افسران چارٹرڈ طیارے پر لندن میں بچوں کی شادیاں کرا رہے ہیں، کیا آپ کو نہیں معلوم کہ کس کس نے لندن میں چارٹرڈ طیارے بک کرائے، کیا آپ نہیں جانتے کہ ہم کس افسر کی بات کررہے ہیں، آپ کے سرکاری افسران کے پاس اتنا مال کہاں سے آرہا ہے، بتائیں ان افسران کے خلاف کیا کارروائی کی، آپ کا ہر بڑا سرکاری افسر علاقے کا بادشاہ ہے، ہمیں معلوم ہے کہ آپ کے افسر کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، آپ ہی ان افسران کے دفاع میں یہاں کھڑے ہوں گے۔

دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے مزید ریمارکس دیئے کہ کراچی میں ریلوے کے ساتھ ساتھ کی تمام زمینوں پر قبضے ہوچکے ہیں، کون کر رہا ہے قبضے، آپ کو نظر نہیں آتا، پاکستان خود ایک پلاٹ ہے جسے کسی نے کسی کو بیچ دیا، آپ حکومت ہیں کچھ تو سوچیں آپ کو اجازت دے دیتے ہیں کہ پورا سندھ فروخت کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں سے بیٹھ کر حکومت نہیں چلانا چاہتے، ہمارا کام آئینی معاملات دیکھنا ہے مگر ان کاموں میں الجھا رکھا ہے، پھر کہا جاتا ہے کہ دوکان کھول کر بیٹھے ہیں، ہمارے مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں، اب چینی ملازم یہاں کام کر رہے ہیں، ہم آپ کو سہولیات دینا چاہتے ہیں مگر آپ کچھ کرنا نہیں چاہتے، مئیر کراچی اور وزیراعلی سندھ کو کہیں کہ بیٹھیں اور دیکھیں کیا ہورہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 716277
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش