0
Sunday 8 Apr 2018 07:08

جرمن شہر میونسٹر میں ڈرائیور نے ہجوم پر گاڑی چڑھا دی، 4 افراد ہلاک

جرمن شہر میونسٹر میں ڈرائیور نے ہجوم پر گاڑی چڑھا دی، 4 افراد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ جرمنی کے شہر میونسٹر میں ایک ڈرائیور نے ہجوم پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں ڈرائیورسمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی نیوز ایجنسی کو وزارت داخلہ نے آگاہ کیا کہ میونسٹر میں پیش آنے والے واقعے میں ڈرائیور سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ ہلاک افراد میں ڈرائیور بھی شامل ہے، پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈرائیور نے خود کو گولی مار دی اور واقعے میں 30 کے قریب شہری زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ٹویٹر میں جاری اپنے پیغام میں شہریوں سے واقعے کے حوالے سے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ہلاکتیں ہوئی ہیں اور کئی افراد زخمی ہوئے ہیں اس لیے جائے وقوع کی طرف جانے سے گریز کریں۔ جرمنی کے ایک میگزین کی ویب سائٹ کے مطابق حکام کو خدشہ ہے کہ واقعہ ایک حملہ تھا تاہم سرکاری سطح پر اس حوالے سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔ واقعے کے فوری بعد پولیس کو مذکورہ علاقے کی جانب بھیج دیا گیا اور افسران نے شہریوں سے واقعے کی تفتیش کے لیے رکاوٹیں نہ ڈالنے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ جرمنی حالیہ برسوں میں دہشت گردی کے واقعات کا نشانہ بنتا رہا ہے جہاں ہجوم پر گاڑیاں چڑھا کر کئی شہریوں کی جان لی جا چکی ہے۔ دسمبر 2016ء میں تیونس کے 24 سالہ شہری انیس امری نے برلن میں کرسمس کے موقع پر ایک ٹرک کو اغواء کرنے کے بعد ہجوم پر چڑھا دیا تھا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوگئے تھے۔ جرمنی میں پیش آنے والے واقعے کے چار روز بعد اٹلی کی پولیس نے انیس امری کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ واقعے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) نے قبول کی تھی۔ داعش نے ماضی میں جرمنی کے علاوہ یورپ کے دیگر کئی ممالک میں بھی اسی طرح کے دہشت گردی کے واقعات کی ذمہ داری قبول کی ہے جن میں سے اگست 2017ء میں اسپین کے شہر بارسلونا کے لاس ریملبز میں پیش آئے واقعے میں 14 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ داعش کی جانب سے یورپ میں سب سے خوف ناک حملہ 2016ء میں فرانس کے شہر نیس میں کیا گیا تھا جہاں 14 جولائی کو فرانس کے قومی دن کے موقع پر ایک شخص نے ہجوم پر ٹرک چڑھا دیا تھا اور اس واقعے میں 86 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 716391
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش