0
Sunday 8 Apr 2018 23:27

چیف جسٹس پاکستان نادرا کے ناروا سلوک پر ازخود نوٹس لیں، ثروت اعجاز قادری

چیف جسٹس پاکستان نادرا کے ناروا سلوک پر ازخود نوٹس لیں، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ نادرا پاکستان کی عوام کے ساتھ غیر ملکیوں والے سلوک سے باز رہے، نئے شناختی کارڈ کے حصول کیلئے صارفین کو پریشان اور رشوت وصولی کیلئے ایجنٹ سے کام لیا جا رہا ہے، گنجان آبادیوں میں قائم نادرا کے سینٹرز پر عوام کی لمبی قطاریں لگی ہوتی ہیں، عوام کو کسی قسم کی کوئی سہولیات مہیا کرنے کی بجائے نئے نئے اعتراضات لگا کر پریشان کیا جا رہا ہے، عوام کے ٹیکسوں پر پلنے والے عوام کو اعتراض لگا کر آنکھیں دکھا رہے ہیں، وزرات داخلہ اور نادرا نئے شناختی کارڈ کے حصول کیلئے آسان پالیسی وضع کرے اور عوام کو آگاہی دے، چیف جسٹس پاکستان نادرا کے ناروا سلوک پر ازخود نوٹس لیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر لانڈھی، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، پاک کالونی اور محمدی کالونی سے آئے ہوئے نادرا سے پریشان وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نادرا کے ستائے پریشان صارفین نے بتایا کہ لانڈھی نمبر 3، کورنگی نمبر 4، اورنگی ٹاؤن، پاک کالونی میں قائم نادرا کے سینٹرز پر عوام کی لمبی قطاریں معمول بن چکی ہیں، رشوت لینے کیلئے ایجنٹ چھوڑے ہوئے ہیں۔

ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ غریبوں کو سہولیات فراہم کرنے کی بجائے حکمران طبقہ ہر سطح پر پریشانی کا جال بچھائے ہوئے ہیں، نادرا انتظامیہ عوام کے ساتھ اپنا رویہ بہتر کرلے، عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا، تو سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی امن پسندی اور محب وطنی کو کمزوری نہیں سمجھا جائے، کرپٹ افسران نے بھاری رشوت کے عوض غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈجاری کئے، ماضی میں ایسے نادرا کے افسران کی طویل فہرست ہے، پاکستان کے مکینوں کو تنگ کرنا عوام کو انتشار میں جھونکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر سطح اور فورم پر آواز اٹھائیں گے، قومی شناختی کارڈ کے حصول میں غیر قانونی رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف نادرا اور وزارت داخلہ فوری نوٹس لیں، ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ نادرا کے خلاف سخت احتجاج کی کال دیں۔
خبر کا کوڈ : 716594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش