QR CodeQR Code

فلسطین، کشمیر اور افغانستان میں خون بہانے والے آپس میں ایک ہیں، ملی یکجہتی کونسل

9 Apr 2018 15:58

کونسل کے قائدین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام 13 اپریل بعد از نماز جمعہ آبپارہ اسلام آباد سے ایک عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں تمام مذہبی و سیاسی تنظیمیں اور عوام شریک ہو کر مظلوم فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرینگے، امریکہ، اسرائیل اور ہندوستان کے مظالم کیخلاف اپنے جذبات کا اظہار کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین اور کشمیر میں خون بہانے والے آپس میں ایک ہیں۔ یہ بات ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی قائدین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی ہے۔ کونسل کے سربراہ علامہ ابو الخیر محمد زبیر، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، مرکزی نائب صدر علامہ ساجد علی نقوی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام پر جاری تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے مظلوم مسلمان بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور ہندوستان انسانیت کے دشمن ہیں۔ وہ زیادہ دیر تک مظلومین عالم کی آواز کو نہیں دبا سکیں گے۔ پوری دنیا کے مسلمان ان مسائل پر متفق اور متحد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام 13 اپریل بعد از نماز جمعہ آبپارہ اسلام آباد سے ایک عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا ہے، جس میں تمام مذہبی و سیاسی تنظیمیں اور عوام شریک ہو کر مظلوم فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے، امریکہ، اسرائیل اور ہندوستان کے مظالم کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کریں گے۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے رہنماؤں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ ریلی میں شریک ہو کر مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔ امریکہ، اسرائیل اور ہندوستان کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ پوری قوم کو اپنی آزادی کی حفاظت کے لئے یکجا ہونا پڑے گا۔کونسل کے قائدین نے کہا کہ ہم امریکی صدر کے اس اعلان کو بھی مسترد کرتے ہیں، جس میں انہوں نے بیت المقدس میں امریکہ کا سفارت خانہ منتقل کرنے کا کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس تاریخی طور پر فلسطین کا دارالحکومت ہے۔


خبر کا کوڈ: 716803

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/716803/فلسطین-کشمیر-اور-افغانستان-میں-خون-بہانے-والے-آپس-ایک-ہیں-ملی-یکجہتی-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org