0
Monday 9 Apr 2018 20:19

لاہور ہائیکورٹ، رانا ثناء اللہ کی نااہلی کیلئے ایم ڈبلیو ایم کے ناصر شیرازی کی درخواست مسترد

لاہور ہائیکورٹ، رانا ثناء اللہ کی نااہلی کیلئے ایم ڈبلیو ایم کے ناصر شیرازی کی درخواست مسترد
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی کی جانب سے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی نااہلی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ عدالت میں ناصر عباس شیرازی کی جانب سے فدا حسین رانا ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ کے حوالے سے رانا ثناء اللہ مسلسل عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، رانا ثناء اللہ نے جسٹس باقر نجفی کو شیعہ قرار دے کر ان کی حیثیت کو متنازع بنانے کی کوشش کی ہے، اپنی اس حرکت پر رانا ثناء اللہ رکن صوبائی اسمبلی اور وزارت کے عہدے پر رہنے کا قانونی جواز کھو چکے ہیں۔ درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ رانا ثناء اللہ کو نااہل قرار دیا جائے۔

حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل خواجہ سلمان پیش ہوئے۔ خواجہ سلمان نے موقف اختیار کیا کہ درخواست ناقابل سماعت ہے، پہلے سنگل بنچ بھی درخواست مسترد کر چکا ہے۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ درخواست گزار صرف متعلقہ فورم پیمرا سے رجوع کرسکتا ہے۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے قرار دیا کہ آپ کو ہائیکورٹ کے بجائے متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہیے تھا جبکہ بنچ کے دوسرے رکن جسٹس جواد حسن کا کہنا تھا کہ عدالت سے پہلے آپ کو پیمرا سے رجوع کرنا چاہیئے تھا۔ تاہم عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا جسے بعد میں سناتے ہوئے ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے قرار دیا کہ درخواست کی سماعت ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار میں ہیں نہیں آتی، اس لئے درخواست متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔
خبر کا کوڈ : 716804
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش