0
Wednesday 11 Apr 2018 17:20
خیبر پختونخوا میرا پہلا پیار ہے

نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور رہیں گے، شہباز شریف

جب بھی پشاور آیا یہاں کے لوگوں نے شاندار میزبانی کی
نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور رہیں گے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پشاور میرا دوسرا نہیں پہلا گھر ہے، اپنے پہلے گھر آیا ہوں۔ سراج خان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک باد دیتا ہوں، نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے ورکرز کنونشن سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سراج خان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، جب بھی پشاور آیا یہاں کے لوگوں نے شاندار میزبانی کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا صدر بننے کے بعد پشاور کا یہ پہلا دورہ ہے، خیبر پختونخوا میرا پہلا پیار ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور رہیں گے۔ نواز شریف نے امریکی امداد ٹھکرا کر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، عوام اور افواج کی قربانیوں سے دہشت گردی کا خاتمہ قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کو حقیقی معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے تبدیلی کے نعروں کے باوجود پشاور میں کچھ نہیں بدلا، عمران خان 5 سال میں بھی صوبے میں ایک میگا واٹ بجلی پیدا نہ کر سکے۔

نیازی صاحب نے 5 سال قبل پوری دنیا کو بجلی فراہم کرنے کا دعویٰ کیا، عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے 76 میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے لیکن پتہ نہیں وہ بجلی کہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی طرح پختونخوا میں انڈومنٹ فنڈ ہوتا تو تعلیمی صورتحال مختلف ہوتی۔ یہ صوبہ قدرتی حسن اور وسائل سے مالا مال ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ موٹر وے نہ بنی ہوتی تو آج جی ٹی روڈ پر قطاریں لگی ہوتیں، میٹرو کو جنگلہ بس کہنے والوں کو اب پشاور کیلئے میٹرو یاد آگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ڈینگی آیا تو خان صاحب پہاڑوں پر چڑھ گئے، عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ایک بھی بڑا ہسپتال نہیں بنوایا اور بلین ٹری منصوبہ سب سے بڑا فراڈ ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کی بڑھکیں صرف قصہ ہیں، خان صاحب نے دعوے کئے اور ہم نے اپنے وعدے پورے کئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست دھرنے، معیشت تباہ کرنا اور سول نافرمانی کی تحریک ہے، لیکن ہمارا راستہ گالی نہیں خوشحالی ہے، اگر 2018ء کے الیکشن میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا تو پشاور میں میٹرو بنا کر دکھاؤں گا۔
خبر کا کوڈ : 717236
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش