0
Thursday 12 Apr 2018 19:08

طورخم بارڈر پر افغان مسافروں کیلئے ٹھنڈے پانی اور سائبان کا بندوبست

طورخم بارڈر پر افغان مسافروں کیلئے ٹھنڈے پانی اور سائبان کا بندوبست
اسلام ٹائمز۔ پاک افغان شاہراہ طور خم پر انتظامیہ نے افغان مسافروں کے لئے شیلٹر، شکایات سیل اور ٹھنڈے پانی کے انتظامات مکمل کرلئے۔ اس حوالے سے کمشنر پشاور اور خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ نے ہدایات جاری کی تھی کہ افغان مسافروں کو دھوپ سے بچنے کے لئے طور خم کے مقام پر سہولیات فراہم کی جائیں، جس پر لنڈی کوتل کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نیاز محمد اور دیگر عملے نے ان انتظامات کو یقینی بنایا اور طور خم بازار جاکر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسی موقع پر انتظامیہ کے حکام نے بتایا کہ ان کی جانب سے خیر سگالی کے طور پر افغان مہاجرین کو ان سہولیات کا بندوبست کیا گیا تاکہ ان کو پاکستانی سرزمین پر مشکلات کا سامنا نہ ہو اور خصوصا بچوں، خواتین اور بزرگ افغان مسافروں کو گرمی سے بچنے کی سہولیات میسر ہوں۔ دوسری جانب افغان مہاجرین اور مسافروں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہا ہے اور خوشی کا اظہار کیا ہے، افغان باشندے گل محمد نے اسی حوالے سے کہا کہ پاکستانی حکام نے طورخم سرحد اور دیگر جگہوں پر ٹھنڈے پانی، سائے اور دوسری سہولتوں کا انتظام کرکے افغان مسافروں کے دل جیت لئے ہیں اور خصوصا طورخم بارڈر پر پاسپورٹ کے عملے میں اضافہ کر کے بہت آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے سخت گرمی اور دھوپ میں گھنٹوں تک قطاروں میں کھڑے رہتے تھے لیکن اب ان سہولیات کی وجہ سے کافی آسانی پیدا ہوئی ہے۔ یاد رہے پاک افغان شاہراہ طورخم دونوں ملکوں کے مابین بین لاقوامی سرحد اور ٹرانزٹ روٹ کی حثیت رکھتی ہے اور روزانہ اس روٹ پر ہزاروں کی تعداد میں مال بردار گاڑیاں اور دونوں ممالک کے لوگ آمدورفت کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 717516
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش