0
Saturday 14 May 2011 13:37

اسلامی دنیا قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لئے تحریک کا آغاز کرے، قاضی احمد نورانی

اسلامی دنیا قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لئے تحریک کا آغاز کرے، قاضی احمد نورانی
کراچی:اسلام ٹائمز۔14 مئی 1948ء غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے فلسطین پر ناجائز اور غاصبانہ تسلط کے خلاف بعد نماز جمعہ شہر بھر کی جامع مساجد (جامع مسجد نورانی گلبرگ،جامع مسجد جمیل کورنگی،مدینہ مسجد لانڈھی،بلال مسجد نیو کراچی،طیبہ مسجد لیاقت آباد اور میمن مسجد )کے باہر جمعیت علمائے پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت یوم نکبہ کی مناسبت سے یوم سیاہ کے موقع پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے، اس سلسلے کا مرکزی احتجاجی مظاہرہ میمن مسجد کھارادر کے باہر کیا گیا، جس میں جمعیت علمائے پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، جے یو پی کے سینئر رہنما مولانا شبیر ابو طالب، جعفریہ الائنس پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ آفتاب حیدر جعفری، جماعت اسلامی کراچی کے رہنما اور فلسطین فاؤنڈیشن کے مرکزی سرپرست رکن راشد قریشی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لئے تحریک کا آغاز کرے، پاکستان کے عوام القدس کی آزادی کے لئے فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں، یوم نکبہ کی مناسبت سے احتجاجی مظاہروں کو کچلنے کے صہیونی منصوبہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، دنیا بھر میں مسلمان "یوم نکبہ" کو سراپا احتجاج بن جائیں اور عالمی استعمار امریکا اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف اپنی شدید نفرت کا اظہار کریں۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انبیاء کی سر زمین فلسطین پر صہیونی غاصبانہ تسلط کے تریسٹھ سال مکمل ہو چکے ہیں لیکن انتہائی شرم کی بات ہے کہ عالمی ادارے بشمول اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی، عرب لیگ اور حقوق انسانی کی عالمی تنظیمیں فلسطینیوں کو انکے جائز اور مسلمہ حقوق کی فراہمی اور غاصب اسرائیل کے غیر قانونی تسلط سے آزاد کروانے میں نہ صرف ناکام رہے ہیں بلکہ مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جو کہ ایک سوالیہ نشان ہے؟ رہنماؤں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دوہرے معیار کو ختم کرتے ہوئے فلسطین کاز پر اپنے مؤقف کی وضاحت کرے، رہنماؤں نے فلسطین میں یوم نکبہ کی یاد میں منعقدہ احتجاجی مظاہروں کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے 14 مئی یوم نکبہ کو فلسطین میں مظاہرین کو کچلنے کے ناپاک منصوبوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اسرائیل کے سرپرست ممالک امریکا، برطانیہ سمیت دیگر کو واضح کرتے ہیں کہ یوم نکبہ کے روز فلسطینی مظاہرین پر تشدد کیا گیا تو مسلمان خاموش نہیں رہیں گے، انہوں نے اسلامی دنیا سے بھی اپیل کی کہ وہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے یوم نکبہ کے مظاہروں کو کچلنے کے خلاف سراپا احتجاج بن جائیں۔
رہنماؤں نے معروف فلسطینی رہنما ڈاکٹر عدنان ابو تبانہ کی گرفتاری کو اسرائیل کی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈاکٹر عدنان کو فی الفور رہا کروانے میں کردار ادا کریں۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور، برطانیہ نامنظور سمیت عالمی برادری کے دوہرے رویہ کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور امریکی و صہیونی جھنڈ ے سمیت برطانوی جھنڈا بھی نذر آتش کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 71764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش