0
Saturday 14 Apr 2018 00:34

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیراہتمام مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیراہتمام مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی، ریلی میں ملی یکجہتی کونسل میں شامل جماعتوں، تاجروں سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت سے مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کی اسلام آباد میں کانفرنس بلانے اور مظلوم مسلمانوں پر مظالم ڈھانے والے ممالک کو تنبیہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کو مظالم سے دبایا نہیں جا سکتا ہے، کامیابی کشمریوں، فلسطینیوں اور مظلوم مسلمانوں کا مقدر ہے، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیراہتمام آبپارہ سے سرینا ہوٹل کی طرف نکالی گئی ریلی سے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں اسلم، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ عارف حسین واحدی، ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ثاقب اکبر، آصف لقمان قاضی، گلزار نعیمی و دیگر نے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں ملی یکجہتی کونسل میں شامل جماعتوں، تاجروں سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، احتجاجی مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے، جن پر مظلوم مسلمانوں کے حق میں نعرے درج تھے۔

صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے کشمیر کا مقدمہ لڑنے والوں کو بند کرنے اور ان پر پابندیاں لگانے کی کوشش میں مصروف ہے، کشمیری پاکستان کی سالمیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، اگر بھارت نے پاکستان کا پانی بند کر دیا تو پاکستان بنجر ہو جائے گا، اللہ نے پاکستان کو اس لئے ایٹمی قوت بنایا کہ وہ تمام مسلم حکمرانوں کو جمع کرکے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرے، جب مظلوم مسلمانوں کی مدد کی جائے گی تو حکمرانوں کا اقتدار بھی بچے گا، حکمران ملک کی سالمیت کا خیال رکھیں۔ صدر ملی یکجہتی کونسل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کی اسلام آباد میں کانفرنس بلائے اور بھارت اسرائیل کو وارننگ دی جائے کہ وہ مسلمانوں پر ظلم بند کریں، نواز شریف کو اسلام سے غداری کی سزا ملی ہے، اللہ نے پہلے وزارت عظمٰی سے نااہل کیا اور اس کے بعد جماعت کی قیادت سے اور اب تاحیات نااہل کر دیا ہے، اگر مودی سے یاریاں اور کشمیریوں کے خون سے سودا کریں گے تو اسی طرح اللہ ذلیل کرے گا، امریکہ کو خوش کرنے سے اقتدار مضبوط نہیں ہوگا۔

نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم نے کہا کہ بھارت پیلٹ گنوں سے کشمیریوں کی بیینائی چھین سکتا ہے، مگر جدوجہد آزادی کو ختم نہیں کرسکتا ہے، مسلمانوں پر مظالم کے باوجود دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت سے گٹھ جوڑ مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں، افغانستان میں معصوم بچوں کو شہید کیا گیا، فلسطین میں اسرائیل نے قتل عام شروع کیا ہوا ہے۔ کشمیریوں، فلسطینیوں کو کامیابی ملے گی اور بھارت اسرائیل کو شکست ہوگی، اب مظالم کے خلاف مسلمانوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ مظلوم مسلمانوں سے ایمان کا رشتہ ہے، آج پوری دنیا میں صرف مسلمانوں کو ہی قتل کیا جا رہا ہے اور قتل کرنے والے کافر ہیں، آج کفر امن میں ہے اور مسلمان مشکل میں ہیں، اس کا حل مسلمانوں کے اتحاد میں ہے، مسلمانوں کے قتل عام کے پیچھے تین شیطان ہیں، بھارت کشمیر میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے، اگر افغانستان آزاد ہوتا تو ہمارے بچے قندوز میں شہید نہ ہوتے، حکمرانوں کو بھی مسلمانوں کے قتل عام پر احتجاج کرنا چاہیے۔ ثاقب اکبر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، تمام مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، پاکستانی عوام مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں، کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 717754
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش