QR CodeQR Code

نواز شریف ہم سب کے قائد تھے اور ہمیشہ رہیں گے، شہباز شریف

14 Apr 2018 19:58

اپنی ٹوئٹ میں مسلم لیگ (ن) صدر و وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ’’مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈے سوں‘‘ کا نعرہ لگانے والوں کا اصل مطلب تھا ’’مرسوں مرسوں کوئی کام نہ کر سوں‘‘، الحمدللّٰہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کراچی کا امن بحال کر چکی، اب سندھ کو اس کی بنیادی سہولیات بھی ہم انشااللہ فراہم کریںگے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ’’مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈے سوں‘‘ کا نعرہ لگانے والوں کا اصل مطلب تھا ’’مرسوں مرسوں کوئی کام نہ کر سوں‘‘۔ اپنی ٹوئٹ میں شہباز شریف نے مزید کہا کہ الحمدللّٰہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کراچی کا امن بحال کر چکی، اب سندھ کو اس کی بنیادی سہولیات بھی ہم انشااللہ فراہم کریں گے۔ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) صدر و وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف ایک دورہ پر کراچی پہنچے، جہاں گورنر سندھ محمد زبیر نے ان کا استقبال کیا، گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ نے شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نواز شریف ہم سب کے قائد تھے اور ہمیشہ رہیں گے، جبکہ مجھ سمیت مسلم لیگ (ن) کے تمام کارکنان ان کے سپاہی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی مثبت سوچ اور بہترین پالیسیوں کی وجہ سے ہی مسلم لیگ (ن) عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی ایجنڈے کا ویژن رکھتی ہے، تعلیم، صحت، آمدورفت کی بہترین سہولیات سمیت ترقی سندھ کے عوام کا بھی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے موقع دیا اور صوبے کے عوام نے اعتماد کیا، تو سندھ کے تمام شہروں کی تقدیر و حالت بدل دیں گے، میرا ایمان ہے کہ کراچی ایک بار پھر خوبصورت شہر بن سکتا ہے اور اس کی روشنیاں دوبارہ بحال ہو سکتی ہیں، لیکن شرط ہے کہ ایمانداری، امانت اور دیانت سے کام کیا جائے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ امن وامان، توانائی کی صورتحال میں بہتری وفاقی حکومت کی انتھک کاوشوں کا ثمر ہے۔


خبر کا کوڈ: 717934

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/717934/نواز-شریف-ہم-سب-کے-قائد-تھے-اور-ہمیشہ-رہیں-گے-شہباز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org