1
0
Thursday 25 Jun 2009 12:21

آپریشن میں 138 اہلکار شہید، 1592 دہشت گرد ہلاک، مالاکنڈ ڈویژن پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا، رحمن ملک

سوات اور دیر میں 7 دہشت گرد ہلاک، میجر اور کیپٹن سمیت 6 فوجی شہید
آپریشن میں 138 اہلکار شہید، 1592 دہشت گرد ہلاک، مالاکنڈ ڈویژن پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا، رحمن ملک
اسلام آباد : وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن کو دہشت گردوں سے خالی کرا کر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔ آپریشن میں 1592 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 138 فوجی جوان اور افسر شہید اور 414 زخمی ہوئے۔ دہشت گردوں کو دوبارہ جمع نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دو روز قبل پارلیمنٹ اور ایک خفیہ ادارے پر حملے کرنے والے 2خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کر کے حملے کی سازش ناکام بنا دی۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی طرف سے کٹوتی کی تحریکیں واپس لینے پر وزیر داخلہ رحمن ملک نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام نے یہ ثابت کیا ہے کہ پوری قوم قومی سلامتی پر متحد ہے۔ قومی پالیسی پر تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع پر پوری قوم متحد ہے، صدر مملکت مختلف ممالک کے دورے کر کے انہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ساتھ دینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔احبابِ پاکستان کے قیام کے فیصلے کو بچگانہ قرار دیا گیا لیکن اب ثابت ہو رہا ہے کہ یہ فیصلہ درست تھا۔ ان ممالک نے پاکستان کو پانچ ارب 20 کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔ صدر نے چین کا دورہ کیا اس کے بعد میں نے دورہ کیا، چین نے پاکستان کے سیکورٹی اہلکاروں کی استعداد بڑھانے کیلئے 292 ملین ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے نے کالیا برادران کو گرفتار کر کے ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کو کنٹرول کیا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی سانحہ کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان اعتماد کا فقدان ہو گیا اور بھارت ہمارے خلاف جنگ پر تیار تھا، پاکستان کی فضائی حدود کی کھلی خلاف ورزیاں کی گئیں، ہم نے ممبئی حملوں کے حوالے سے بھارت سے شواہد مانگے تھے۔ اس میں ملوث 5 افراد گرفتار ہوئے، 9 کے خلاف ایف آئی آر درج ہے۔ پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے مثبت اقدامات کی وجہ سے پاک بھارت کشیدگی میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں اس سے قبل فرقہ وارانہ بنیادوں پر دہشت گردی ہو رہی تھی، اب وہاں پر بیت اللہ محسود گروپ متحرک ہے، جس نے زین الدین محسود کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تمام انتظامیہ کو تبدیل کیا جائے گا، اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس سرحد سے بات ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس اور ایک خفیہ ادارے پر حملہ کرنے کا ارادہ کرنے والے دو خودکش حملہ آوروں کو دو روز قبل گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے آئی ایس آئی، ایم آئی اور دیگر اداروں کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا میں جلد ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کروں گا اور اس حوالے سے صورتحال کا جائزہ لے کر ایوان کو آگاہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اور سرکاری املاک کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت کی رٹ جہاں چیلنج ہوگی، وہاں کارروائی کرینگے، شرپسندوں کو افغانستان سے مدد مل رہی ہے، عالمی برادری پاکستان کو غیر مستحکم کرنیوالے عناصر کو بے نقاب کرے، ہم جنگ جیت رہے ہیں۔ سیکورٹی بہتر کرنے کیلئے جدید اسکینرز لگائے جا رہے ہیں۔
سوات اور دیر میں 7 دہشت گرد
ہلاک،میجر اور کیپٹن سمیت 6 فوجی شہید

راولپنڈی: سوات اور دیر میں آپریشن راہِ راست کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 7دہشت گرد ہلاک اور 7 کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ کیپٹن اور میجر سمیت 6 فوجی جوان شہید اور تین زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب کوہاٹ میں سیکورٹی فورسز نے ازبک اور افغان باشندوں سمیت8 افراد کو گرفتار کر لیا۔ آئی ایس پی آر سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے سوات کے علاوہ ساخرہ میں ایک مشتبہ کمپاؤنڈ میں کارروائی کی جس کے نتیجہ میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ تین چوری شدہ گاڑیاں اور ہتھیار و گولہ بارود برآمد کر لئے گئے۔ فورسز نے چار باغ میں سرچ آپریشن کیا جہاں فائرنگ کے تبادلہ میں دو افسر میجر عتیق اور کیپٹن عامر اور چار جوان شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ کبل، اخونکلے، ڈادھرا، خانزہ اور گردی میں اپنی پوزیشن مضبوط بنا لی ہے۔ ادھر کالام کے قریب کوزلائی کوٹ میں مقامی جرگہ نے فورسز کے مقامی کمانڈر سے ملاقات کی اور انہیں اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ جرگہ نے سیکیورٹی فورسز کو ہر قسم کی معلومات فراہم کرنے اور علاقہ کے تحفظ کیلئے ایک دفاعی کمیٹی قائم کرنے سے اتفاق کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے دیر کے علاقہ کوٹہ میں سرچ آپریشن کیا جہاں فائرنگ کے تبادلہ میں چھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے ساخرہ میں ایک میڈیکل کیمپ قائم کیا ہے جہاں 478 مریضوں کا علاج کیا گیا جبکہ ساخرہ کے لوگوں کے مطالبہ پر صفہ پبلک اسکول دوبارہ کھول دیا گیا ہے جبکہ دیگر اداروں کو کھولنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔دریں اثناء آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بیت اللہ محسود مخالف کسی گروپ کی مدد نہیں کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں طالبان کا کہنا ہے کہ منگل کے روز جنازے پر امریکی میزائل حملے کے وقت بیت الله محسود خفیہ مقام پر موجود تھا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بیت الله محسود کے ایک قریبی ساتھی نے کہا کہ جب حملہ کیا گیا اس وقت بیت الله محسود جنازے میں شریک نہیں تھا بلکہ وہ ایک خفیہ مقام پر موجود تھا اور حملے میں اسے کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا قبل ازیں خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انٹیلی جنس حکام نے بتایا تھا کہ حملے سے قبل بیت الله محسود جنازے میں موجود تھا اور یہ حملہ اسی کو ٹارگٹ بنا کر کیا گیا تھا۔ پشاور کے نواحی علاقے متنی میں بدھ کی شب چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کے راکٹوں سے حملہ میں ایک سب انسپکٹر سمیت 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے جنہیں گزشتہ شام سپرد خاک کر دیا گیا۔ بیت اللہ محسود کے مخالف کمانڈر قاری زین الدین محسود کا ایبٹ آباد میں ان کے اہلخانہ کو آخری دیدار کرانے کے بعد میت تدفین کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان روانہ کی گئی جہاں انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔ دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان بیت الله محسود گروپ نے مخالف گروپ کے سربراہ قاری زین الدین کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی ہے بیت الله محسود کے ترجمان حمید الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ قاری زین الدین کو بیت الله محسود کے حکم پر قتل کیا گیا چونکہ طالبان کے خلاف حکومت کا ساتھ دینے والے افراد کے ساتھ یہی انجام ہوگا۔ 

خبر کا کوڈ : 7180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Colombia
Heck of a job there, it asblouetly helps me out.
ہماری پیشکش