QR CodeQR Code

میاں نواز شریف نے کبھی بھی پارلیمینٹ اور اس کے معزز ممبران کو اہمیت نہیں دی، یوسف رضا گیلانی

15 Apr 2018 17:30

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرائیکی صوبہ بنانے کے لئے سب سے پہلے پاکستان پیپلزپارٹی نے ہی آواز بلند کی، میرے دور حکومت میں ہم نے الگ صوبہ بنانے کے لئے سینٹ میں بل پیش کرکے دو تہائی اکثریت سے بل منظور کروایا۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے جن سیاستدانوں نے جنوبی پنجاب صوبہ کے نام سے جو گروپ تشکیل دیا ہے ہم ان کے اس جذبہ کی ناصرف قدر کرتے ہیں بلکہ ہر سطح پر ان کے ساتھ ہوں گے، سرائیکی صوبہ بنانے کے لئے سب سے پہلے پاکستان پیپلزپارٹی نے ہی آواز بلند کی، میرے دور حکومت میں ہم نے الگ صوبہ بنانے کے لئے سینٹ میں بل پیش کرکے دو تہائی اکثریت سے بل منظور کروایا، ہمارے پاس قومی اسمبلی میں125 ممبران کی سادہ اکثریت تھی، مگر صوبہ بنانے کے لئے قومی اسمبلی میں بھی دو تہائی اکثریت سے بل کی منظوری ضروری تھی، پارلیمنٹ میں مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں نے بھی الگ صوبہ بنانے کی مخالفت کی جس کی وجہ سے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا میرا مشن پایا تکمیل تک نہ پہنچ سکا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اگر پارلیمینٹ کو اہمیت دیتے تو آج ان کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتے، ہماری پارٹی نے 62,63 کی شقوں سمیت آمروں کے دور میں کی جانے والی دیگر ترامیم کو ختم کرنے کے لئے مسلم لیگ ن کو قائل کرنے کی بھرپور کوشش کی، مگر انہوں نے ہمارے ہر جمہوری عمل کی مخالفت کرنا اپنا وطیرہ بنا رکھا تھا، میاں نواز شریف اس وقت یہ سمجھتے تھے کہ سابقہ آمر کی تمام شقیں صرف پیپلزپارٹی پر ہی لاگو ہونگیں، مگر آج وہ خود اسی قانون کی زد میں آچکے ہیں، میاں نواز شریف نے کبھی بھی پارلیمینٹ اور اس کے معزز ممبران کو اہمیت نہیں دی تھی، میں نے اپنے دور اقتدار میں ممبران پارلیمینٹ کو مساوی عزت دی اور کبھی کسی ممبر کو میرے ساتھ ملاقات کے لئے مشکل پیش نہیں آئی۔


خبر کا کوڈ: 718113

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/718113/میاں-نواز-شریف-نے-کبھی-بھی-پارلیمینٹ-اور-اس-کے-معزز-ممبران-کو-اہمیت-نہیں-دی-یوسف-رضا-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org