0
Monday 16 Apr 2018 19:55

خیبر پختونخواہ کے تمام تعلیمی بورڈز کو تالے لگا دیئے گئے

خیبر پختونخواہ کے تمام تعلیمی بورڈز کو تالے لگا دیئے گئے
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخواہ تعلیمی بورڈز کے ملازمین نے حکومت کو دھمکی دی ہے، کہ اگر حکومت نے مجوزہ تعلیمی بل کا فیصلہ واپس نہیں لیا تو صوبے کے تمام بورڈز کے ملازمین آنے والے انٹر میڈیٹ کے امتحانات کا بایئکاٹ کریں گے۔ اسی سلسلے میں آج بورڈز کے ملازمین نے مردان میں احتجاجی کیمپ لگایا تھا اور احجاجی بھی جلسہ کیا ہے۔ جلسے کی قیادت خیبر پختونخواہ تعلیمی بورڈز کوآرڈینیشن کونسل کے صدر طارق صافی کررہے تھے، اسی موقع پر سرکاری سکولوں کے اساتذہ اور پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیدار بھی شریک تھے۔ احتجاج کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھی تھی جنہوں نے پچھلے تین دنوں سے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کو تالے لگا رکھے ہیں۔ شرکاء کا اسی موقع پر کہنا تھا کہ حکومت تعلیمی بورڈز کی خودمختاری ختم کرنے کے لئے ایک نیا ایکٹ لانا چاہتی ہے، جو تعلیم دشمن اور تعلیمی بورڈز کے لئے تباہی کا سبب بنے گا۔ 

میڈیا سے بات چیت کے دوران طارق صافی نے کہا کہ ہم عمران خان کو اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں جو خود تو احتجاجی جلسے کرتے ہیں اور دوسری جانب یہاں پر ہونے والے احتجاج کو توجہ نہیں دیتے۔ ہم بہت دنوں سے احتجاج کرتے ہیں لیکن ابھی تک کوئی اعلٰی حکومتی اہلکار یہاں پر ہمارے ساتھ مذاکرات کے لئے نہیں آیا ہے، اسی وجہ سے مجبوری کے تحت ہم نے دھمکی دی کہ ۲۰ تاریخ سے شروع ہونے والے امتحانات کا بایئکاٹ کریں گے۔ واضح رہے کہ بورڈ ملازمین پچھلے اٹھارہ دنوں سے اپنے ڈیوٹی کے اوقات کار میں سے دوگھنٹے ہڑتال کر رہے تھے لیکن اب انہوں نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کو تالے لگائے ہیں اور مکمل طور پر دفتروں کو بند کیا ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 718386
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش