QR CodeQR Code

کراچی، 6 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل، پولیس فائرنگ سے 3 احتجاجی مظاہرین شدید زخمی

17 Apr 2018 13:33

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق بچی کے والد کی جانب سے نامزد کئے گئے 3 ملزمان میں سے 2 کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ بچی کی لاش کے ڈی این اے نمونے بھی لئے جا چکے ہیں، تاکہ رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہو سکے۔ ملزمان کا تیسرا ساتھی فرار ہے، جس کی تلاش جاری ہے اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے منگھو پیر میں 6 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا، جبکہ واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس نے سیدھی فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھو پیر میں بچی کو زیادتی و اغواء کے بعد قتل کر دیا گیا۔ بچی کی لاش کچرا کنڈی سے ملی، جس کی شناخت رابعہ کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق رابعہ کی عمر 6 سال اور بلوچ پاڑہ کی رہائشی ہے۔ بچی کے والد کے بیان کے مطابق رابعہ 15 اپریل اتوار کو گھر سے کھیلنے نکلی اور اس کے بعد لاپتہ ہوگئی۔ والد نے اورنگی ٹاؤن میں گمشدگی کا مقدمہ درج کرا کے 3 افراد کو نامزد کیا، تاہم آج صبح بچی کی لاش کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی۔

جس کے بعد بچی کے لواحقین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد گھروں سے نکل آئی، تاہم پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ان پر براہ راست فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔ مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا، جس کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ بن گیا ہے۔ زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جاتی ہے، جس کے سر پر گولی لگی ہے۔ تینوں زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق بچی کے والد کی جانب سے نامزد کئے گئے 3 ملزمان میں سے 2 کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ بچی کی لاش کے ڈی این اے نمونے بھی لئے جا چکے ہیں، تاکہ رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہو سکے۔ ملزمان کا تیسرا ساتھی فرار ہے، جس کی تلاش جاری ہے اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 718516

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/718516/کراچی-6-سالہ-بچی-زیادتی-کے-بعد-قتل-پولیس-فائرنگ-سے-3-احتجاجی-مظاہرین-شدید-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org