0
Tuesday 17 Apr 2018 18:00

بچوں کیساتھ زیادتی اور فلم بندی کے ملزمان کیجانب سے قانونی چارہ جوئی کرنیوالے والدین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں

بچوں کیساتھ زیادتی اور فلم بندی کے ملزمان کیجانب سے قانونی چارہ جوئی کرنیوالے والدین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں
اسلام ٹائمز۔ سرگودھا میں بچوں کی نازیبا فلم کے اسکینڈل کے متاثرین کا کہنا ہے کہ کیس میں حالیہ گرفتار ہونے والے افراد، جن میں ایک افغان باشندہ بھی شامل ہے، نے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو کیس کی پیروی کی صورت میں جان سے مار دینے کی دھمکی دی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران دونوں متاثرین (جن کا نام ظاہر نہیں کیا جارہا) نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے واقعے پر ازخود نوٹس لینے اور ان کو کسی دوسرے شہر منتقل کرکے تحفظ دینے کی التجا کی اور کہا کہ انہیں صرف ملزمان کی جانب سے نہیں بلکہ مقامی پولیس کی جانب سے بھی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ با اثر ملزمان نے دیگر کئی نوجوان طالب علموں کو تشدد اور بلیک میل کرکے عصمت دری کی اور اگر انہیں تحفظ فراہم کیا گیا تو کئی دیگر متاثرین بھی اس گینگ کے خلاف سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین میں سے ایک نے مقامی پولیس میں شکایت درج کرا رکھی ہے جس میں ملزمان کے خلاف ویڈیو شواہد بھی شامل ہیں تاہم پولیس ملزمان کا ساتھ دے رہی ہے اور اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ملزم افغان شہری ہے جو یہاں غیر قانونی طور پر رہ رہا ہے اور وہ اکثر اپنے ملک آتا جاتا رہتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مقامی تھانے کے انچارج (ایس ایچ او) متاثرین کے خلاف نامناسب ریمارکس دیتے ہیں اور انہیں متعدد مرتبہ بلا کر ہراساں بھی کیا جاچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین، پولیس کے رویئے سے دباؤ کا شکار ہیں اور وہ پولیس اسٹیشن جانے کے لئے تیار نہیں کیونکہ اس سے ملزمان کو فائدہ پہنچے گا۔
خبر کا کوڈ : 718604
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش