0
Wednesday 18 Apr 2018 23:42

ایم ڈبلیو ایم کا کشمیر کمیٹی کی سربراہی کسی محب وطن پاکستانی کو دینے کا مطالبہ

ایم ڈبلیو ایم کا کشمیر کمیٹی کی سربراہی کسی محب وطن پاکستانی کو دینے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے ماسوائے چند اسلامی ممالک کے کوئی ملک آواز نہیں اٹھاتا، اس کی ایک اہم وجہ کشمیر کاز پر ہماری کمزور پالیسی بھی ہے، کشمیر کمیٹی کی غیر فعالیت میں سب سے اہم کردار خود چیئرمین کمیٹی کا ہے، کمیٹی کی سربراہی کسی محب وطن پاکستانی کو دی جانی چاہیئے۔ اپنے ایک بیان میں علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال نہایت تشویش ناک ہے، کشمیری عوام روزانہ اپنے لہو سے تحریک آزادی کی داستان لکھ رہی ہے، ہم نہتے کشمیری عوام کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ قومی مسئلہ ہے اور ہم مظلوم کشمیریوں کی حمایت کرتے رہیں گے، پاکستانی عوام اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان کی ظالم اور قابض فوج جتنا چاہے ظلم کرلے، کشمیری عوام کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی، خدا ظالموں کا کبھی ساتھ نہیں دیتا، ہمیشہ فتح مظلوموں کی ہوتی ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور انسانیت سوز مظالم پر عالمی خاموشی مجرمانہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے اور عالمی بے حسی کو توڑنے کیلئے میڈیا کو مسلسل تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ استعماری قوتوں نے اسلامی ممالک کو آپس میں الجھا دیا ہے، کشمیر کے حوالے سے ماسوائے چند اسلامی ممالک کے کوئی ملک آواز نہیں اٹھاتا، اس کی ایک اہم وجہ کشمیر کاز پر ہماری کمزور پالیسی بھی ہے، کشمیر ایشو پر وزارت خارجہ بیان جاری کرکے سمجھتی ہے کہ اس نے بڑا کام کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ایک کشمیر کمیٹی بنی ہوئی ہے، جس کی سربراہی پر خود ممبران کو کوئی اعتراض ہیں، جبکہ سب جانتے ہیں کہ کشمیر کمیٹی کی غیر فعالیت میں سب سے اہم کردار خود چیئرمین کمیٹی کا ہے، اس کمیٹی کو فعال کرنے کیلئے اس کی سربراہی کسی محب وطن پاکستانی کو دی جانی چاہیئے، تاکہ یہ کمیٹی صیح معنوں میں کام کرے۔
خبر کا کوڈ : 718916
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش