QR CodeQR Code

یوم ولادت باسعادت حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر ضلع گلگت میں سرکاری تعطیل کا اعلان

19 Apr 2018 01:13

ڈپٹی کمشنر گلگت نے 3 شعبان یوم ولادت حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر سکیورٹی انتظامات سخت کرنے، گلگت شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کا حکم دیدیا۔


اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے 3 شعبان یوم ولادت باسعادت حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر ( 20 اپریل 2018ء کو) ضلع گلگت میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر گلگت کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اس حوالے سے تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ اس سے پہلے ڈپٹی کمشنر گلگت سمیع اللہ فاروق کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس 3 شعبان یوم ولادت باسعادت امام حسین (ع) کے موقع پر چراغاں، سکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت، ایڈیشنل ایس پی گلگت اور سپریم امامیہ کونسل کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سپریم امامیہ کونسل کے رہنما حاجی شیر علی نے کہا کنوداس میں چراغاں کیلئے جانے والے لڑکوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ روٹس کے ایریاز میں تعمیرات کی گئی ہیں، جس کی وجہ سے آنے جانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اِس کے علاوہ آغا راحت حسین نے آتش بازی کرنے سے سختی کے ساتھ منع کیا ہے۔ جس پر ڈی سی گلگت نے کہا چراغان کے لئے جانے والے روٹس کا بھی جائزہ لیں گے اور آتش بازی کی دکانوں کو سیل کرینگے اور ضابطہ اخلاق کو یقینی بنائیں گے۔ ڈی سی گلگت نے 3 شعبان کے حوالے سے ایس پی گلگت کو ہدایات دیں کہ وہ فول پروف سکیورٹی انتظامات کریں اور متعلقہ سکیورٹی اداروں کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے احکامات دیئے کہ 3 شعبان کو چراغاں کے موقع پر گلگت شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی سختی سے نگرانی کی جائے۔ چراغاں کے مقام پر مجسٹریٹ اور پولیس اہلکار موجود رہیں گے۔ موجودہ پرُامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی ادارے الرٹ رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 718962

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/718962/یوم-ولادت-باسعادت-حضرت-امام-حسین-ع-کے-موقع-پر-ضلع-گلگت-میں-سرکاری-تعطیل-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org