QR CodeQR Code

خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی مخلوط حکومت کی اکثریت ختم ہوگئی

19 Apr 2018 10:46

پی ٹی آئی کے رہنما شوکت یوسف زئی نے میڈیا کو بتایا کہ اکثریت کھو جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، حزب اختلاف میں شامل کوئی بھی جماعت اکثریت دکھا کر ایک مہینے کیلئے حکومت حاصل کرکے کیا کارکردگی دکھائے گی؟ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کو ایوان میں 124 میں سے 60 ممبران کی حمایت حاصل تھی، جبکہ مخلوط حکومت میں شامل جماعت اسلامی کے 7 اراکین ہیں، مگر 20 اراکین کیخلاف کارروائی شروع ہونے سے یہ تعداد 67 سے گر کر صرف 47 رہ گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں ووٹ فروخت کرنے والے 20 اراکین کو پارٹی سے نکالنے کے بعد پی ٹی آئی نے صوبائی اسمبلی میں اپنی اکثریت کھو دی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کو ایوان میں 124 میں سے 60 ممبران کی حمایت حاصل تھی، جبکہ مخلوط حکومت میں شامل جماعت اسلامی کے 7 اراکین ہیں۔ صوبے میں حکومت کیلئے 62 اراکین درکار ہیں، مگر 20 اراکین کے خلاف کارروائی شروع ہونے سے یہ تعداد 67 سے گر کر صرف 47 رہ گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے میڈیا کو بتایا کہ اکثریت کھو جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف میں شامل کوئی بھی جماعت اکثریت دکھا کر ایک مہینے کیلئے حکومت حاصل کرکے کیا کارکردگی دکھائے گی؟ حزب اختلاف میں شامل قومی وطن پارٹی کے صوبائی صدر سکندر حیات خان شیرپاؤ نے تصدیق کی کہ پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی مخلوط حکومت کو اب صوبائی اسمبلی میں اکثریت حاصل نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آئندہ کی حکمت عملی کیلئے دیگر جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں کے ساتھ صلاح و مشورے شروع کر دیئے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے بتایا کہ انہوں نے حزب اختلاف مولانا لطف الرحمٰن سے رابطہ کیا ہے اور جمعرات کے روز اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کرا دی جائیں گی۔

سردار حسین بابک نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعلٰی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف سے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ضیاء اللہ خان آفریدی نے میڈیا کو بتایا کہ وزیراعلٰی پرویز خٹک سے اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے اسمبلی کے اجلاس سے متعلق آئندہ چند روز میں ریکوزیشن جمع کرا دی جائے گی۔ عمران خان نے جن 20 اراکین کے نام بتائے ہیں ان میں سے لگ بھگ 8 نے دیگر سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کرلی ہے، جبکہ اتنی ہی تعداد میں حکمران جماعت کے ممبران پاکستان تحریک انصاف کی سرگرمیوں سے علیحدہ ہوچکے ہیں۔ عمران خان نے اپنے جن ارکان اسمبلی پر ووٹ بیچنے کا الزام لگایا ہے ان میں سے اکثر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائے جائیں۔ ایک رکن اسمبلی یاسین خلیل نے کہا ہے کہ عمران خان یہ معاملہ نیب میں لے جائیں، ہم اس کا خیرمقدم کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 718982

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/718982/خیبرپختونخوا-میں-تحریک-انصاف-کی-مخلوط-حکومت-اکثریت-ختم-ہوگئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org