0
Friday 20 Apr 2018 21:42

اپوزیشن بےبنیاد افواہیں نہ پھیلائے اسمبلی توڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، شوکت یوسفزئی

اپوزیشن بےبنیاد افواہیں نہ پھیلائے اسمبلی توڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، شوکت یوسفزئی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اور رکن صوبائی اسمبلی شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی، کے پی اسمبلی توڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اپوزیشن بے بنیاد افواہیں نہ پھیلائے۔ اپنے ایک بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے ممبران اسمبلی کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کیلئے وقت دیا جارہا ہے۔ پریس کانفرنسز کرنے کی بجائے ممبران شوکاز نوٹس کا جواب دیں، کسی ممبر کو بھی انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنایا گیا اور نہ ہی وزیراعلٰی پرویز خٹک نے ازخود کسی ممبر کا نام دیا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جن ممبران کے نام میڈیا میں آئے ہیں ان کے حوالے پارٹی نے مکمل تحقیقات کی ہیں اور تمام اطمینان کے بعد نام جاری کئے گئے ہیں، تاہم ان ممبران کو شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ وہ بیان بازی کے بجائے جواب دیں اور پارٹی قیادت کو مطمئن کریں۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کسی ممبر کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہوگی ہم اسمبلی نہیں توڑیں گے اور حکومت و اسمبلی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اتحادی جماعت اسلامی کے وزراء آستین کے سانپ ہیں اور وہی پشاور کی ترقی میں بڑی رکاوٹ رہے ہیں۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے بیان پر افسوس ہوا، وہ سادہ نہ بنیں، 5 سال اقتدار کے مزے لئے ہیں تو ذمہ داری بھی لیں، اگر کوئی خرابی تھی تو امیر جماعت اسلامی کیوں خاموش تھے؟ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جاتے جاتے ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی عادت جماعت اسلامی سے نہیں گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کی ترقی میں بڑی رکاوٹ جماعت اسلامی کے وزیر رہے جو کہ آستین کے سانپ نکلے ہیں، جب کہ آئندہ جماعت اسلامی کو کبھی حکومت میں شامل نہیں کریں گے۔ یاد رہے کہ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف  کی اتحادی جماعت ہے۔
خبر کا کوڈ : 719349
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش