0
Saturday 21 Apr 2018 05:20

تصوراتی سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کرنیوالے نریندر مودی کو بھارتی فوجی کمانڈرز گمراہ کر رہے ہیں، خواجہ آصف

تصوراتی سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کرنیوالے نریندر مودی کو بھارتی فوجی کمانڈرز گمراہ کر رہے ہیں، خواجہ آصف
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کا پاکستان پر سرجیکل اسٹرائیک کا تصوراتی دعوٰی کرنا عوام کی حمایت حاصل کرنے کا طریقہ ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نریندر مودی کا پاکستان پر سرجیکل اسٹرائیک کا بار بار تصوراتی دعوٰی کرنا عوام کی حمایت حاصل کرنے کا طریقہ ہے یا پھر وہ کشمیر اور بھارت کے دیگر حصوں میں مظالم اور جنگی جرائم کی ذمہ دار اپنی فوج کی زبان بول رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کے ذمہ دار بھارتی فوجی کمانڈرز نریندر مودی کو گمراہ کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مذہبی اقلیتوں کے گلے کاٹنے اور جلانے کے ذمہ دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کو عالمی سطح پر اب گجرات کے قاتل کے طور پر پہنچانا جا رہا ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کا اسپانسر اور بھارت میں زیادتی کے مرتکب لوگوں کا سرپرست جانا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل لندن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے 2016ء میں لائن آف کنٹرول پر کئے گئے مبینہ سرجیکل اسٹرائیک کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دہشت گردی برآمد کرنے والوں کو برداشت نہیں کرے گا اور انہیں اُسی زبان میں جواب دیا جائے گا جو وہ سمجھتے ہیں۔

مودی نے دعوٰی کیا کہ سرجیکل اسٹرائیک کی خبر کو عام کرنے سے قبل پاکستانی حکومت سے کئی بار رابطہ کرنے کی کوشش کی تاکہ انہیں آپریشن کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے، تاہم پاکستانی وزارت خارجہ نے بھارتی وزیراعظم کے ان دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بار بار دہرانے سے جھوٹ سچ نہیں ہو جاتا، بھارتی حکومت کا دعوٰی جھوٹا اور کھوکھلا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کی حراست میں موجود بھارتی فورسز کے کمانڈر کلبھوشن یادیو اس بات کا ثبوت ہیں کہ کون دہشت گردی میں ملوث ہے۔ اس دوران بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی نریندر مودی کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں تباہ کن قرار دیا۔ کانگریس کے سینئر ترجمان آنند شرما نے ایک بیان میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ کے اجلاس اور برطانوی وزیراعظم سے ملاقات میں پیش کردہ مودی کی زبردست خارجہ پالیسی سے بھارت کے قومی مفاد کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کا سرحد پار دہشت گردی ختم کرنے کے لئے سرجیکل اسٹرائیک کا پرغرور دعوٰی شرمناک ہے۔
خبر کا کوڈ : 719389
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش