QR CodeQR Code

شمالی وزیرستان کے تاجروں کا اسلام آباد میں دھرنا ختم، معاہدہ طے پا گیا

21 Apr 2018 19:24

ڈی جی آئی ایس پی آر کی موجودگی میں تاجروں کے نمائندہ وفد اور شمالی وزیرستان کی پولیٹیکل انتظامیہ کے مابین اس بات پر اتفاق ہوا کہ کل یعنی 22 اپریل کو آپریشن کے دوران ہونیوالے نقصانات کے ازالے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائیگی، جو آپریشن کے دوران گرائی گئی مارکیٹوں اور دکانوں کا سروے کرکے نقصانات کا ازالہ کرنے کیلئے پیکج کا اعلان کریگی۔


اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان کے متاثرہ تاجروں نے پولیٹیکل انتظامیہ اور عسکری حکام کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد اسلام آباد میں جاری دھرنا ختم کردیا ہے۔ تاجروں کے 10 رکنی وفد نے راولپنڈی میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور پولیٹیکل انتظامیہ کے حکام کے ساتھ  4 گھنٹوں پر مشتمل ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے شمالی وزیرستان کے تاجروں کو نقصانات کے ازالے کے حوالے سے یقین دہانی کرائی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی موجودگی میں تاجروں کے نمائندہ وفد اور شمالی وزیرستان کی پولیٹیکل انتظامیہ کے مابین ایک معاہدہ کیا گیا، جس پر دونوں فریقین کے دستخط موجود ہیں۔ معاہدے میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ کل یعنی 22 اپریل کو آپریشن کے دوران ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو آپریشن کے دوران گرائی گئی مارکیٹوں اور دکانوں کا سروے کرکے نقصانات کا ازالہ کرنے کیلئے پیکج کا اعلان کرے گی۔ ملاقات میں ڈی جی آی ایس پی آر نے کہا کہ فاٹا کی بہادر عوام کی بیش بہا قربانیوں کے بعد قبائلی علاقوں میں امن و امان قائم ہوا ہے اور فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنے سے ملک مزید مضبوط ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے بعد ان کو علاقے کلیئر کرنے کا چیلنچ سامنے ہے اور یہ ہمارا اپنا گھر ہے اور ہم سب ساتھ مل کر فاٹا میں زندگی کو معمول کی جانب لائیں گے۔ یاد رہے کہ شمالی وزیرستان کے ان متاثرہ تاجروں نے کئی بار نقصانات کے ازالے کے حوالے سے بنوں اور پشاور میں بھی احتجاجی مظاہرے اور دھرنے کئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 719562

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/719562/شمالی-وزیرستان-کے-تاجروں-کا-اسلام-ا-باد-میں-دھرنا-ختم-معاہدہ-طے-پا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org