اسلام ٹائمز۔ جی او سی مری میجر جنرل اظہر عباس نے باغ سپرنگ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی طویل داستان ہے ان کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے پہلے بھی قربانیاں دی ہیں اور اب بھی دے رہے ہیں۔ ہم لائن آف کنٹرول کے اس پار مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جس حوصلے، ولولے اور جذبہ ایمانی سے دشمن کے سامنے بر سر پیکار ہیں وہ دن دور نہیں جب ان کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔