QR CodeQR Code

کرپشن کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے، جسٹس (ر) جاوید اقبال

22 Apr 2018 20:21

اپنے ایک بیان میں چیئرمین نیب نے کہا کہ چھ ماہ کے دوران نیب متعلقہ احتساب عدالتوں میں 197 بدعنوانی کے ریفرنسز بھجوا چکی ہے، جو میگا اور وائٹ کالر جرائم کی تفتیش کے طور پر ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب ’’احتساب سب کیلئے‘‘ کی پالیسی کو اختیار کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اپنی ہر ممکن کوششیں بروئے کار لا رہی ہے، شکایات کو مقررہ مدت کے اندر نمٹا کر ریفرنس متعلقہ عدالتوں کو بھجوانے کیلئے اور بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے قانون کے مطابق اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے درست طریقہ کار کے ذریعے قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے اپنی کوششوں کو تیز کر دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ نیب کی سزاؤں کی شرح 77 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جسے شفافیت، میرٹ، مناسب ثبوت پیش کرنے اور شفاف تفتیش کو یقینی بناتے ہوئے بڑے اور وائٹ کالر مقدمات کو قانون کے مطابق نمٹانے کیلئے مزید بہتر بنانے کو یقینی بنا رہی ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کے مقدمات نیب میں زیر عمل ہیں، جسے قانون کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے نیب کے تمام ڈائریکٹر جنرل صاحبان کو ہدایت کی کہ تمام مقدمات کو قانون کے مطابق نمٹایا جائے۔ انہوں نے نیب افسران کو ہدایت کی کہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور قانون کے مطابق بلاتفریق سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بطور چیئرمین ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، چھ ماہ کے دوران نیب متعلقہ احتساب عدالتوں میں 197 بدعنوانی کے ریفرنسز بھجوا چکی ہے، جو میگا اور وائٹ کالر جرائم کی تفتیش کے طور پر ایک ریکارڈ کامیابی ہے، نیب نے چھ ماہ کے دوران مختلف مقدمات میں 226 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، 55 شکایات کی تصدیق، 39 کی انکوائری اور 33 کی تفتیش جاری ہے، جبکہ 27 ملزمان کو سزائیں متعلقہ احتساب عدالت سے دی جا چکی ہیں، جو نیب کی بھرپور اور مؤثر کوششوں کا حصہ ہے، جو بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے اختیار کی گئی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 719787

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/719787/کرپشن-کا-خاتمہ-نیب-کی-اولین-ترجیح-ہے-جسٹس-ر-جاوید-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org