QR CodeQR Code

تحریک انصاف چھوڑنے کی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں، فردوس عاشق اعوان

23 Apr 2018 09:00

نجی ٹی وی سے گفتگو میں پی ٹی آئی کی رہنماء نے کہا کہ نون لیگ کے سیاسی تابوت میں کیل ٹھوکنے کے لیے دن رات حلقہ میں محنت کر رہی ہوں، نون لیگ کی عوام دشمن پالیسی اور ملک دشمن اقدامات اور بیڈ گورننس کو ہر سطح پر اجاگر کیا، یہ ممکن نہیں کہ میں نون لیگ میں چلی جاؤں۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات اور پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے حوالے سے خبریں بے بنیاد اور حقیقت کے برعکس قرار دے دیدیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نون لیگ کے سیاسی تابوت میں کیل ٹھوکنے کے لیے دن رات حلقہ میں محنت کر رہی ہوں، میں نے تحریکِ انصاف کے پلیٹ فارم سے نون لیگ کی عوام دشمن پالیسی اور ملک دشمن اقدامات اور بیڈ گورننس کو ہر سطح پر اجاگر کیا، یہ ممکن نہیں کہ میں نون لیگ میں چلی جاؤں اور اس کے ساتھ سیاسی رفاقت رکھوں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹا اور کنگال کیا، حکومت نے پاکستان کے تمام اداروں کو گھر کی لونڈی سمجھ رکھا ہے، نون لیگ ہمیشہ عدلیہ اور قومی و سلامتی اداروں کے خلاف سازش کرتی رہی ہے، نون لیگ کے ساتھ میرا نظریہ اور سوچ نہیں ملتی، نون لیگ نے سیاست کو روزگار اور کاروبار سمجھا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کارکن ہوتے ہوئے کیسے ممکن ہے کہ میں مافیا کا حصہ بنوں، میرے سیاسی حریف اور نون لیگ میرے خلاف سازشیں کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 719855

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/719855/تحریک-انصاف-چھوڑنے-کی-خبریں-جھوٹ-پر-مبنی-ہیں-فردوس-عاشق-اعوان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org