0
Monday 23 Apr 2018 09:18

مقبوضہ کشمیر، آسیہ اندرابی جیل منتقل

مقبوضہ کشمیر، آسیہ اندرابی جیل منتقل
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو اپنے چار ساتھیوں کے ہمراہ 8روزہ عدالتی ریمانڈ پر سینٹرل جیل سرینگر منتقل کر دیا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں فورسز کے محاصرے کیخلاف احتجاج کرنے والوں پر فورسز کی فائرنگ سے تین نوجوان زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی کو اپنے چار کارکنان کے ہمراہ گذشتہ رات ایک چھاپے کے دوران ضلع اسلام آباد کے علاقے آنچی ڈورہ سے گرفتار کیا گیا تھا، گرفتار ساتھیوں میں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی شامل ہیں۔ بھارتی پولیس کے ایک افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کو قصبے میں طالبات کے احتجاج میں ان کے مبینہ کردار پر گرفتار کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ان کے خلاف ایک کیس بھی درج کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء کشمیر تحریک خواتین کی چیئر پرسن زمرودہ حبیب نے ایک بیان میں آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین اور دختران ملت کی دیگر کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص کو محض اس کے نظریے کی بنیاد پر سزا نہیں دی جا سکتی اور نہ اس کو بار بار سلاخوں کے پیچھے ڈالا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 719859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش