0
Monday 23 Apr 2018 10:58

کوئٹہ، دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 شیعہ ہزارہ شہید جبکہ 1 زخمی

کوئٹہ، دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 شیعہ ہزارہ شہید جبکہ 1 زخمی
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کی ایک اور واردات میں بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رہنماء سمیت شیعہ ہزارہ قوم کے دو افراد شہید اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ بروری کی حدود میں شہر کے نواحی علاقے مغربی بائی پاس کلی میروائس بابا کے قریب پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکلوں پر سوار شیعہ ہزارہ مسلمانوں کے تین افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں تینوں افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں بولان میڈیکل ہسپتال پہنچایا گیا۔ ہسپتال میں دو زخمی افراد دم تھوڑ گئے۔ شہید ہونے والوں میں پچاس سالہ محمد زمان ولد حاجی حکیم اور محمد علی ولد حسن علی شامل ہے، جوکہ ہزارہ ٹاؤن کے رہائشی تھے۔ محمد علی ہزارہ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے ڈپٹی سکیورٹی انچارج تھے۔ پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت ستائیس سالہ سفر علی ولد علی محمد کے نام سے ہوئی ہے، جو محکمہ پولیس میں ملازم ہے اور وقوعہ کے وقت سادہ کپڑوں میں ملبوس تھا۔ ڈاکٹر کے مطابق تینوں افراد کو سر، چہرے اور سینے پر گولیاں ماری گئیں۔ زخمی کو ایک گولی گردن میں لگی ہے اور دوسری گولی ماتھے پر چھوکر گزری ہے، جسے آپریشن تھیٹر میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کیلئے سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔

زخمی پولیس اہلکار علمدار روڈ مومن آباد کا رہائشی اور بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رہنماء سید مسرت آغا کا سرکاری محافظ بتایا جاتا ہے۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سی ٹی ڈی، سی آئی اے، کرائم برانچ کی تفتیشی ٹیمیں اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، جو فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ ٹارگٹ کلنگ کا مذکورہ واقعہ شیعہ آبادی والے علاقے ہزارہ ٹاؤن کے قریب ہی پیش آیا ہے، جس کے دونوں اطراف ایف سی سمیت دیگر سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹس موجود ہے۔ گذشتہ تین مہینوں سے کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ مسلمانوں‌ پر ٹارگٹ‌ کلنگ کا یہ چھٹا واقعہ ہے، جس میں دہشتگرد بھاری سکیورٹی فورسز اور چیک پوسٹس کی موجودگی میں کارروائی کرکے باآسانی فرار ہونے میں‌ کامیاب ہو جاتے ہیں اور شیعہ ہزارہ قوم کے دو ہزار سے زائد افراد کو شہید کرنے میں ملوث کسی ایک بھی دہشتگرد کو آج تک پھانسی نہیں دی جا سکی۔
خبر کا کوڈ : 719909
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش